سول اسپتال کراچی سے 36 کروڑکی کینسر ادویات چوری 2 ملازمین کیخلاف مقدمہ درج

نیاز خاصخیلی اور اقبال چنا نے کینسر کے علاج میں استعمال ہونےو الی 76 ہزار گولیاں چوری کرکے فروخت کردیں، ایم ایس

سول اسپتال کراچی میں کینسر ادویات کی چوری میں ملوث ملازمین نیازخاصخیلی اور اقبال چنا (فوٹو: ایکسپریس نیوز )

سول اسپتال کراچی سے 36 کروڑ روپے کی کینسر کی ادویات چوری ہوگئیں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی مدعیت میں چوری کا مقدمہ دو ملازمین کے خلاف درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سید محمد خالد کی مدعیت میں عیدگاہ تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے، مقدمہ نمبر 160/24 سول اسپتال انتظامیہ کی جانب سے 20 جون 2024 کو درج کرایا گیا ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سول اسپتال کے 2 ملازمین نے ملی بھگت سے کینسر کے علاج کیلیے استعمال ہونے والی 76 ہزار گولیاں غیر قانونی طریقے سے فروخت کردی ہیں جن کی مالیت 36 کروڑ روپے ہے۔

ایم ایس سول اسپتال سید محمد خالد نے پولیس کو بتایا کہ کینسر کی دوائیں چوری کرنے میں محکمہ صحت کے دو ملامین نیاز احمد خاصخیلی اور اقبال احمد چنا سمیت دیگر عملہ ملوث ہے۔

انہوں نے مزید کہ 17-2-2023 سے 29-9-2023 کے دوران کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی ایلبونکس 50 ایم جی اور پالبونکس 125 ایم جی کی 76 ہزار گولیاں چوری کی گئیں جن کی مالیت 36 کروڑ روپے بنتی ہے۔


ایم ایس سول اسپتال کی مدعیت میں عید گاہ تھانے میں مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے محکمہ صحت کے 2 ملازمین نیاز خاصخیلی اور اقبال چنا کی گرفتاری کیلیے چھاپے بھی مارے ہیں مگر اب تک ملزمان کی گرفتاری ممکن نہیں ہوسکی۔

14 جون 2024 کو محکمہ صحت کی جانب سے دونوں ملازمین کے خلاف تحقیقات بھی کی گئی ہیں، محکمہ صحت کی جانب سے ایم ایس سول اسپتال کوایک خط بھی لکھا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 16 گریڈ کے نیازاحمد خاصخیلی جو ڈسپنسراور سول اسپتال کے کنٹرول روم ایوننگ شفٹ کے انچارج ہیں اور اقبال چنا جو 16 گریڈ کے اسٹاف نرس ہیں، یہ دونوں ملازمین کینسر کی 36 کروڑ روپے مالیت کی دواؤں کی چوری میں ملوث ہیں ۔

خط کے مطابق ان ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے احکامات محکمہ صحت کی جانب سے بھی جاری کیے گئے ہیں جبکہ محکمہ صحت نے 14 جون 2024 کو اقبال چنا اور نیاز خاصخیلی کو عہدوں سے بھی ہٹا دیا ہے۔

 
Load Next Story