فیفا ورلڈ کپ ارجنٹائن نے نائجیریا اور بوسنیا نے ایران کو شکست دیدی

ارجنٹائن نے دلچسپ مقابلے کے بعد نائجیریا کو 2-3 اور بوسنیا نے ایران کو 1-3 سے شکست دی

ارجنٹائن نے دلچسپ مقابلے کے بعد نائجیریا کو 2-3 اور بوسنیا نے ایران کو 1-3 سے شکست دی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

SARGODHA:

فیفا ورلڈ کپ کے گروپ میچز مرحلے میں ارجنٹائن نے نائجیریا اور بوسنیا نے ایران کو شکست دے دی جس کے بعد نائجیریا اور ارجنٹائن نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔



گروپ ایف میں شامل ارجنٹائن کا مقابلہ نائجیریا اور بوسنیا کا مقابلہ ایران سے ہوا، شائقین کی تمام تر توجہ عالمی شہرت یافتہ اٹیکر ارجنٹائن کے لائنل میسی پر ہی جمی رہی۔ میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے بھرپور حملے کئے اور بالاخر پہلے ہاف میں لائنل میسی نے ابتدائی 2 گول داغ کر میچ کو دلچسپ بنا دیا لیکن نائجیریا کے محمد موسی نے بھی 2 گول کرکے حساب برابر کردیا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کے ایم روجو نے 50ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر ٹیم کا اسکور 2-3 کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ میچ میں کامیابی کے بعد ارجنٹائن 9 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر جبکہ نائجیریا 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔


دوسری جانب گروپ " ایف " کے دوسرے میچ میں ایران کا مقابلہ بوسنیا سے ہوا جو پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی تھیں۔ بوسنیا نے ایران کو 1-3 سے شکست دے کر گروپ میں 3 پوائنٹس حاصل کر کے تیسری پوزیشن سنبھالی جبکہ ایران ٹورنامنٹ کے 3 میچز میں صرف ایک ہی پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔

Load Next Story