آر یا پار آسٹریلیا کا بھارت سے میچ ’فائنل‘ بن گیا

کینگروز کو سیمی فائنل میں رسائی کیلیے آج ہر صورت بھارتی ٹیم کو مات دینا ہو گی

(فوٹو: انٹرنیٹ)

مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان کی آسٹریلیا کیخلاف غیرمتوقع کامیابی نے گروپ 2 میں صورتحال بڑی دلچسپ کردی ہے، پیر کو آسٹریلیا کی بڑی آزمائش بھارتی ٹیم سے ہوگی، دن کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ مدمقابل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت سردست دو ابتدائی میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ اپنی پوزیشن مضبوط کرچکا ہے تاہم افغانستان نے کینگروز کو مات دے کر مشکل میں ڈال دیا ہے، اس نے گروپ ون سے اپنی بھی سیمی فائنل میں رسائی کا امکان روشن کرلیا ہے، دونوں ٹیمیں سردست 2،2 پوائنٹس جوڑچکی ہیں۔

افغان ٹیم نے اس فارمیٹ میں آسٹریلیا کیخلاف پہلی فتح سمیٹی ہے، اگر آسٹریلیا اور افغانستان دونوں اپنے اختتامی میچز جیت لیتے ہیں تو پھر بھارت سمیت تینوں ٹیموں کے پوائنٹس یکساں ہوسکتے ہیں۔


افغان ٹیم کو بنگلہ دیش کیخلاف 36 رنز کے مارجن سے فتح درکار ہوگی، اگر آسٹریلیا ہدف کے تعاقب میں آخری گیند پر منزل تک پہنچا تو پھر افغانستان کو بنگلہ دیش کیخلاف ہدف 15.4 اوورز یا اس سے قبل حاصل کرنا ہوگا۔

بھارت سردست 2.245 رن ریٹ کے ساتھ سرفہرست ہے، آسٹریلیا کیخلاف بھارت سے میچ ناک آؤٹ بن چکا ہے، انھیں 41 رنز کے مارجن سے فتح درکار ہوگی جبکہ ایسی صورت میں افغان ٹیم کو ٹائیگرز کیخلاف 83 رنز کے بڑے مارجن سے فتح درکار ہوگی۔

بھارت اور بنگلہ دیش کی فتوحات پر روہت شرما الیون سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ دوسری ٹیم کا تعین رن ریٹ سے ہوگا، آسٹریلیا کی کامیابی اور افغان ٹیم کی ناکامی بھارت اور کینگروز کو سیمی فائنل کا ٹکٹ دلوا پائے گی۔ اسی طرح بھارت اور افغانستان بھی کامیابی ملنے پر پیشقدمی جاری رکھیں گے۔

آج دن کا پہلا مقابلہ میزبان ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے درمیان ہو گا۔
Load Next Story