سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے سی ڈی سی کے ٹیرف میں مزید کمی

ٹیرف کی کمی میں سالانہ مینٹیننس فیس کا مکمل خاتمہ، کنکشن فیس کی چھوٹ اور بروکرز کے لیے کم سے کم فیس شامل ہے، سی ڈی سی

کمپنی نے کیپٹل مارکیٹ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے مذکورہ اقدام کیا—فوٹو: فائل

سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) نے کیپٹل مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے یکم جولائی 2024سے اپنے ٹیرف میں مزید کمی کا اعلان کردیا۔

سی ڈی سی کے اعلان کے مطابق خاص طور پر سب اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے سالانہ مینٹیننس فیس کا مکمل خاتمہ، سی ڈی ایس کنکشن فیس کی مکمل چھوٹ اور سیکیوریٹیز بروکرز کے لیے کم سے کم فیس شامل ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ٹرانزیکشن فیس مساوی بنانے کے لیے انٹرا اکاؤنٹ موومنٹ ٹرانزیکشن فیس متعارف کرائی گئی ہے، نظرثانی شدہ ٹیرف کیپٹل مارکیٹ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے مارکیٹ تک رسائی میں آسانی اور لاگت میں کمی کا عزم ہے۔


بیان میں کہا گیا کہ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروباری لاگت کم کرنے کے سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے وژن کے مطابق سی ڈی سی نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک اپنی ٹرانزیکشن اور کسٹڈی فیس میں تقریباً95 فیصد کمی کی ہے۔

چیئرمین سی ڈی سی فرخ ایچ سبزواری اور چیف ایگزیکٹو افسر بدیع الدین اکبر نے ٹیرف میں کمی کے حوالے سے بتایا کہ سی ڈی سی بورڈ کی رہنمائی میں سی ڈی سی نے ٹیرف میں نمایاں کمی کے ذریعے سرمایہ کاروں کو مستقل طور پر مراعات دینے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیرف ریشنلائزیشن سی ڈی سی کی انتظامی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت کاروباری لاگت کم کرنا اور سیکیوریٹیز بروکرز سمیت سرمایہ کاروں اور مارکیٹ کے دیگر پلیئرز کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
Load Next Story