شمالی وزیرستان میں دہشگردوں کو گلے سے پکڑ لیا ہے کور کمانڈر کوئٹہ

جب تک قوم کے بیٹے زندہ ہیں ملک کا پرچم سرنگوں نہیں ہوسکتا، لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ

پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور فوج کی پشت پر کھڑی ہے، کور کمانڈر کوئٹہ فوٹو: فائل

کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشگردوں کو گلے سے پکڑ لیا ہے۔

کوئٹہ میں پاک فوج سے انسدادِ دہشت گردی کی تربیت پانے والے پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، اس موقع پر اعلیٰ سیاسی شخصیات، پولیس اور کور کمانڈر کوئٹہ سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی، پریڈ کے دوران تربیت پانے والے اہلکاروں نے اغوا کاروں کے چنگل سے مغویوں کو چھڑانے، اپنے اہداف کو نشانہ بنانے اور عمارتوں کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔


پریڈ سے خطاب کے دوران کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 50 ہزار افراد نشانہ بنے ہیں، سیکیورٹی فورسز ملک میں امن قائم کررہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور فوج کی پشت پر کھڑی ہے، قوم کے بیٹوں نے قومی پرچم اٹھایا ہوا ہے جب تک یہ زندہ ہیں ملک کا پرچم سرنگوں نہیں ہوسکتا ۔ قومی پرچم کے تحفظ کے لئے پولیس کو بھی آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرائے کے قاتل دین کا استعمال کرکے قوم میں تفریق پیدا کرنا چاہتے ہیں، شمالی وزیرستان میں دہشگردوں کو گلے سے پکڑ لیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں شدت پسندی سے نمٹنے کے لئے پاک فوج نے پولیس اہلکاروں کو تربیت دے رہی ہے جس کے تحت اب تک 1050جوانوں نے کی تربیت مکمل کرلی ہے۔
Load Next Story