پاکسویڈن سیاسی مشاورت اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات استوار کرنے پر اتفاق

سویڈش وفد کے سربراہ نے سیکریٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پرتبادلہ خیال کیا، ترجمان دفترخارجہ

پاکستان اور سویڈن سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں—فوٹو بشکریہ اے پی پی

پاکستان اور سویڈن کے حکام نے دو طرفہ سیاسی مشاورت کے اہم اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سویڈن کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 18واں دور ہوا جہاں ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ شفقت علی خان اور سویڈن کے ڈائریکٹر جنرل ڈیگ جوہلن ڈینفیلٹ کی سربراہی میں وفود نے دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ اس ملاقات میں سیاسی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری، تعلیم اور عوام سے عوام کے روابط پر بات چیت ہوئی اور فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے اور مضبوط اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔


اس موقع پر سویڈش وفد نے پاکستانی وفد کو سویڈن میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

سیاسی مشاوت کے دوران اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت بھی زیر بحث آئی اور دونوں فریقین نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے تمام امور پر ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بیان میں کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ڈیگ نے سیکریٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی اور پاک-سویڈن دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سویڈن سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
Load Next Story