موٹرسائیکل کے پہیے میں برقع پھنسنے سے لڑکی ہلاک

اسٹاف رپورٹر  اتوار 30 جون 2024
برقع پھنسنے سے لڑکی سڑک پر گر گئی تو عقب سے آنے والی نامعلوم گاڑی نے اسے روند دیا

برقع پھنسنے سے لڑکی سڑک پر گر گئی تو عقب سے آنے والی نامعلوم گاڑی نے اسے روند دیا

  کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران نوجوان لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق گلشن نیپا فلائی اوور کے نیچے چیز اپ اسٹور کے قریب ٹریفک حادثے میں نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ کی شناخت 24 سالہ ایلیا دختر ذوالفقار کے نام سے کی گئی جو کہ والد کے ہمراہ جا رہی تھی کہ اس کا برقع موٹر سائیکل کے پہیے میں پھنس گیا جس کی وجہ سے وہ سڑک پر گر گئی اس دوران عقب سے آنے والی نامعلوم گاڑی نے اسے روند دیا جس کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس واقعے کی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

دریں اثنا عائشہ منزل سے سے واٹر پمپ فیڈرل بی ایریا جانے والی شارع پاکستان پر ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 25 سالہ عبدالباسط کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم گلبرگ پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔