منور فاروقی نے بالآخر دوسری اہلیہ کیساتھ تصویر جاری کردی

ویب ڈیسک  پير 1 جولائی 2024
پہلی شادی میں ناکامی کے بعد منور فاروقی نے دوسری شادی کرلی : فوٹو : ویب ڈیسک

پہلی شادی میں ناکامی کے بعد منور فاروقی نے دوسری شادی کرلی : فوٹو : ویب ڈیسک

 دبئی: بھارت کے معروف ریئلیٹی شو بگ باس سیزن 17 کے فاتح اور اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی نے سوشل میڈیا پر دوسری اہلیہ کی تصویر شیئر کردی۔

ان دنوں منور فاروقی دبئی میں موجود ہیں جہاں وہ اپنی دوسری اہلیہ مہہ زبین کوٹ والا کے ہمراہ معیاری وقت گزار رہے ہیں جس کا انداز اُن کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے لگایا جاسکتا ہے۔

کامیڈین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر چند تصاویر پوسٹ کیں جن میں اُنہوں نے دبئی کے سیاحتی مقام، اپنا کامیڈی شو اور صبح کی کافی کی جھلک بھی دکھائی۔

اسی پوسٹ کے آخر میں منور فاروقی نے اپنی دوسری اہلیہ کی تصویر بھی شامل کی، مذکورہ تصویر پیچھے سے لی گئی ہے جس کی وجہ سے اس جوڑے کا چہرہ نظر نہیں آرہا۔

تصویر میں منور فاروقی اور مہہ زبین دبئی کی اونچی عمارتوں کو دیکھتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو میں مصروف ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ جب منور فاروقی نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر دوسری اہلیہ کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کی ہے۔

واضح رہے کہ منور فاروقی نے مئی میں میک اپ آرٹسٹ مہہ زبین کوٹ والا سے دوسری شادی کی تھی لیکن اُنہوں نے اپنی دوسری شادی کی خبر کو خفیہ رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی کامیڈین منور فاروقی کی دوسری شادی کی تصدیق

یاد رہے کہ منور فاروقی نے سال 2017 میں پہلی شادی کی تھی، جن سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے لیکن 2020 میں کامیڈین اور اُن کی پہلی اہلیہ کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔