کراچی فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا کونسلر قتل پولیس نے ٹارگٹ کلنگ قرار دیدیا

2 مسلح ملزمان نے چلتی موٹر سائیکل پر پیچھے سے فائرنگ کی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی

مقتول عامر عباسی وارڈ 4بھٹائی کالونی کا کونسلر تھا

عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی صنعتی ایریا میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے کونسلر کو قتل کردیا۔ پولیس نے واقعے کو بظاہر ذاتی رنجش کی بنا پر ٹارگٹ کلنگ قراردیا ہے۔


پولیس کے مطابق دوا سازکمپنی کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار شخص موقع پرجاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں مقتول کی شناخت 33 سالہ عامرعباسی ولدعزیزعباسی کے نام سے کی گئی۔


مقتول وارڈ 4بھٹائی کالونی کا کونسلر اور تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔ ایس ایس پی کورنگی توحید الرحمٰن سمیت دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اورپولیس نےجائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کرلیا۔


پولیس کے مطابق مقتول کا کسی سے تنازع چل رہا تھا اور اس سلسلےمیں ایک مقدمہ بھی ہوا تھا۔ مقتول مقدمے کی پیروی کے سلسلے میں ملیرکورٹ سے واپس آرہا تھا کہ راستے میں نشانہ بنایا گیا۔ مقتول پرتعاقب میں آنے والے 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے پیچھے سے فائرنگ کی۔ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول بھی ملا ہے جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔



مقتول بھٹائی کالونی کورنگی کراسنگ کا رہائشی تھا اور بلدیاتی نمائندہ ہونے کے ساتھ نرسری کا کام بھی کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر ذاتی رنجش کی بنا پرہونے والی ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔


ایس ایس پی کورنگی نے تفصیل میں بتایا کہ عوامی کالونی تھانے کی حدود میں موٹرسائیکل سوار2 نامعلوم مسلح ملزمان نے چلتی ہوئی موٹر سائیکل فائرنگ کی جس کے نتیجے گولی عامر عباسی کو لگی اوروہ موٹرسائیکل سے گر کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔پولیس جائے وقوع کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جب کہ جیو فینسنگ بھی کرالی ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کریں۔


انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول عامرعباسی کے مقامی لوگوں کے ساتھ کچھ مسائل چل رہے تھے اوراس حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ مقتول کا ملیرکورٹ میں ایک کیس بھی چل رہا تھا جہاں مقتول صبح اپنے بھائی کے ساتھ گیا تھا اور عدالت سے واپسی پر ہی اسے فائرنگ کرکے ٹارگٹ کیا گیا۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران کورنگی پولیس نے 20 مقابلوں کے دوران 400 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے 20 سے زائد ایسے ملزمان ہیں جن سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔کورنگی پولیس رات کے اوقات میں سرچ آپریشن اورانٹیلی جنس بنیاد پر چھاپے بھی مارتی ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ جرائم پیشہ عناصرکوگرفتار کیا جائے۔


انہوں نے بتایا کہ اسٹیل کے تاجر وسیم کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اورپولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔ مقتول وسیم کا بھی ایک ذاتی مسئلہ چل رہا تھا اورکیس کا رخ بھی اسی طرف ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔


پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی فاروق اعوان نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سے وابستہ عامرعباسی کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہی اندازہ ہو رہا ہے۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کروائی جائیں گی۔ یہ ہمارا بڑا نقصان ہے۔ہم اس معاملے کو ایسے نہیں چھوڑیں گے۔


انہوں نے کہا کہ ضلع کورنگی ہرحوالے سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔جرائم کے حوالے سے کورنگی پر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔پولیس کے پاس وسائل نہیں ہیں ،صرف ناکے لگانے سے یا موبائل گھمانے سے جرائم ختم نہیں ہو سکتے۔ 2 تھانوں کوایک کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، کورنگی میں ہم چاہتے ہیں نوکرپشن نو کرائم ہو۔ مقتول عامر عباسی کی کوئی دشمنی نہیں تھی معمولی نوعیت کے چھوٹے معاملات چل رہے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مقتول عامر عباسی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

Load Next Story