کورنگی میں تاجر کے قتل کی ویڈیو منظرعام پر قتل ڈکیتی مزاحمت پر نہیں دشمنی پر ہوا

فوٹیج کے مطابق دو ملزم بائیک پر آئے، ایک ملزم نے دکان میں داخل ہونے کے بعد تاجر وسیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی

(فوٹو: فائل)

کورنگی میں اسٹیل کے تاجر کے قتل کی ویڈیو سامنے آگئی، فوٹیج میں ملزمان کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس کے مطابق قتل ڈکیتی میں مزاحمت کا نہیں بلکہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

ایکسپریس کے مطابق اتوار کو عوامی کالونی تھانے کے علاقے کورنگی نمبر 6 میں اسٹیل کے تاجر 32 سالہ وسیم کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں مقتول وسیم کو دکان کے اندر کاؤنٹر پر بیٹھے فون پر بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اسی دوران موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان دکان پر آئے، موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے ملزم کو دکان کے اندر داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔


ملزم نے دکان میں داخل ہونے کے بعد وسیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی، مسلح ملزم سیکنڈوں میں واردات مکمل کرکے فرار ہو گئے گولی لگنے کے بعد مقتول وسیم موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول وسیم نے دو شادیاں کی ہوئی تھیں، ایک شادی گزشتہ سال کی تھی جبکہ پہلی بیوی سے مقتول کا ایک بیٹا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو کسی سے اپنی جان کا خطرہ لاحق تھا اور اس سلسلے میں مقتول نے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول کا قتل ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کا نہیں ہے بلکہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

مقتول وسیم کے بڑے بھائی زبیر نے بتایا کہ مقتول 3 بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور مقتول ہنسی خوشی اپنی زندگی گزار رہا تھا، مقتول کی کسی سے کوئی دشمنی بھی نہیں تھی، انھوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے بھائی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے سزا دی جائے۔
Load Next Story