بھاری معاوضہ لے کر شہریوں غیرقانونی طریقے سے اٹلی بھیجنے والا انسانی اسمگلر گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 1 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

گوجرانوالہ: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے انسانی اسمگلرز کے خلاف ایک بار پھر کارروائیاں تیز کرتے ہوئے اشتہاری ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گوجرانوالہ میں کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت عامر بٹ اور افتخار احمد کے ناموں سے ہوئی، دونوں ملزمان معصوم شہریوں کو بھاری معاوضے کے عوض غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم عامر بٹ نے شہری کو غیر قانونی طریقے سے لیبیا کے راستے اٹلی بھیجنے کے بائیس لاکھ روپے حاصل کیے اور ساتھیوں و دیگر تارکین کے ساتھ اُسے اٹلی بھیجنے کی کوشش کی تاہم کشتی ھادثے کا شکار ہوئی جس میں کئی افراد ہلاک و لاپتہ ہوئے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سال 2023 سے ایف آئی اے گجرات سرکل کی مطلوبہ ملزمان کی فہرست میں شامل تھا جبکہ افتخار احمد نے شہری غیر قانونی طور پر یونان بھجوانے کے لیے 6 لاکھ 80 ہزار روپے ہتھیائے اور شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا جس کے بعد وہ روپوش ہوگیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔