امریکا؛ جعلی بل پر انشورنس کے لاکھوں ڈالر ہتھیانے والی بھارتی نژاد ڈاکٹر گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 2 جولائی 2024
جعلی بل سے انشورنس کی رقم ہتھیانے والی بھارتی نژاد لیڈی ڈاکٹر کو 20 سال تک قید ہوسکتی ہے، فوٹو: فائل

جعلی بل سے انشورنس کی رقم ہتھیانے والی بھارتی نژاد لیڈی ڈاکٹر کو 20 سال تک قید ہوسکتی ہے، فوٹو: فائل

شکاگو: امریکا میں بھارتی نژاد 51 سالہ لیڈی ڈاکٹر مونا گھوش پر 2 کیسز میں جعلی میڈیکل بل کے ذریعے ہیلتھ انشورنس سے  24 لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم حاصل کرنے کا الزام ہے جس کی سزا 20 سال تک ہوسکتی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق شکاگو کی رہائشی بھارتی نژاد لیڈی ڈاکٹر کو ہیلتھ انشورنس کے جھوٹے دعوے کے ذریعے نجی بیمہ کنندگان کو جعلی بل دے کر وفاقی صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں فراڈ پر گرفتار کرلیا گیا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ڈاکٹر مونا گھوش نے 2018 سے 2022 تک جعلی بل کے ذریعے اپنے ملازمین کے میڈیکل انشورنس ایسے امراض کے علاج میں کلیم کیے جو ان کو لاحق ہی نہیں تھے اور نہ ہی ملازمین اس سے آگاہ تھے۔

ماہر امراض نسواں اور زچگی مونا گھوش شکاگو میں پروگریسیو ویمنز ہیلتھ کیئر نام کا اسپتال ہے۔ انھوں نے دونوں کیسز میں جعلی میڈیکل ریکارڈ اور جعلی بل بنانے کا اعتراف کرلیا۔

لیڈی ڈاکٹر کو سزا رواں برس 22 اکتوبر کو سنائی جائے گی۔ ہر ایک کیس میں خاتون ڈاکٹر کو 10 سال تک سزا ہوسکتی ہے۔

وفاقی استغاثہ نے الزام لگایا ہے کہ گھوش کم از کم $2.4 ملین کی دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقوم کے لیے جوابدہ ہیں تاہم ملزمہ نے اعتراف کیا کہ وہ اس طرح کی دھوکہ دہی سے 1.5 ملین ڈالر سے زیادہ کے لیے جوابدہ ہے۔

عدالت کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سزا کے وقت عدالت حتمی رقم کا تعین کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔