کراچی میں 2 کمسن بچیاں بازیاب، اغوا کے الزام میں چاچی گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 جولائی 2024
چاچی بھتیجیوں کو زبردستی رکشے میں لے جارہی تھی، شبہ ہونے پر رکشے والے اور شہریوں نے پکڑ لیا

چاچی بھتیجیوں کو زبردستی رکشے میں لے جارہی تھی، شبہ ہونے پر رکشے والے اور شہریوں نے پکڑ لیا

  کراچی: اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گلشن حدید لنک روڈ پرکارروائی کرتے ہوئے2 کمسن مغوی بچیوں کوبازیاب کرکے ایک مبینہ اغوا کارخاتون کو گرفتارکرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن پولیس نےمددگار15 پولیس کی اطلاع پرگلشن حدید لنک روڈ پرکارروائی کرتے ہوئے2 کمسن مغوی بچیوں کوبازیاب کرکے ایک مبینہ اغوا کار خاتون کوحراست میں لے لیا۔

پولیس نے بازیاب کرائی جانے والی4 سالہ صنم اور7 سالہ شبابہ کو گلشن حدید میں واقع الخدمت اسپتال منتقل کردیا،ایس ایچ اواسٹیل ٹاؤن عنایت اللہ مروت نے ایکسپریس کو بتایا کہ بازیاب کرائی جانے والی دونوں بچیاں یتیم ہیں۔

والد کا انتقال ہو گیا ہے جبکہ والدہ نے دوسری شادی کرلی ہے۔ دونوں بچیاں اپنے دادی کے ساتھ اوٹھ بستی میں رہائش پذیر ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ بچیوں کوان کی سگی چاچی فائزہ زبردستی رکشے میں لیکر پہلے گھگھرپھاٹک کی جانب اور بعد ازاں لنک روڈ لے گئی جہاں رکشے والے کو شبہ ہوا تو اس نے اپنا رکشہ ایک مقام پرروک دیا جہاں بچیاں رونے لگیں۔

اسی دوران بچیوں کے چاچی نے انہیں مارنا پیٹنا شروع کردیا تو وہاں شہریوں کی بڑی تعداد بھی جمع ہو گئی اور شہریوں نے خاتون چاچی کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

انھوں نے بتایا کہ مدد گار 15 پولیس کی اطلاع پرعلاقہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اورپولیس نے خاتون کو حراست میں لیکر دونوں بچیوں کو اپنی تحویل میں لینےکے بعد اسپتال منتقل کردیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ بازیاب کرائی جانے والی بچیوں کی دادی کا کہنا ہے کہ ان کہ بہو بچیوں کو مارتے ہوئے گھرسے لے گئی تھی،ایس ایچ او نے بتایا کہ گرفتارخاتون کےخلاف بازیاب کرائی جانے والی بچیوں کی دادی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی مزید تفتیش کی جا سکے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔