موٹرسائیکلز چوری کرکے آن لائن فروخت کرنے والا گینگ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 جولائی 2024
قبضے سے مختلف علاقوں سے چوری 8 موٹر سائیکل اور5 چیسیزبرآمد فوٹو : فائل

قبضے سے مختلف علاقوں سے چوری 8 موٹر سائیکل اور5 چیسیزبرآمد فوٹو : فائل

  کراچی: گلبہارپولیس نےموٹرسائیکل چوری کرکے آن لائن فروخت کرنے والےگینگ کے3ملزمان بلاول،شاہ رخ اوررضوان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے مختلف علاقوں سے چوری کی ہوئی 8 موٹر سائیکل اور5 چیسیزبرآمد کرلیے۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق گرفتار گینگ واردات کے لیے تین مرحلوں میں کام کرتا تھا، پہلے مرحلے میں ملزمان کلیئر موٹرسائیکل کے کاغذات حاصل کرتے اور اسکے جعلی کاغذات تیار کرتے تھے۔

دوسرے مرحلے میں ملزمان اس کمپنی کی موٹر سائیکل چوری کرتے جس کے کاغذات جعلی بنائے جاتے تھےجبکہ تیسرے مرحلے میں انجن چیسز نمبر ٹیمپرڈ کر کے آن لائن ویب سائٹ پر فروخت کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان کا گروہ شہر کے مختلف علاقوں میں انتہائی سرگرم تھا۔ ملزمان نے دوران تفتیش شہر کے سادہ لوح شہریوں کو درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکل ٹیمپر کرنے کے بعد فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

گرفتار ملزم رضوان نے انکشاف کیا وہ موٹر سائیکل کے جعلی کاغذات بناتا تھا اور بعد ازاں آن لائن ویب سائٹ پر چوری شدہ موٹر سائیکل فروخت کرتا تھا۔

ملزم بلاول نے اعتراف کیا وہ آن ڈیمانڈ موٹر سائیکل چوری کرتا تھاجبکہ ملزم شاہ رخ موٹر سائیکل کے انجن چیسیز نمبر ٹیمپر کرنے کا ماہر ہے اور ٹیمپر کرنے کے 3 ہزار روپے لیتا ہے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کاروائی مکمل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ تفتیش کا آغاز بھی کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔