ایمریٹس کا تعطیلات کیلئے دبئی جانے والوں کو ہوٹل میں اعزازی قیام کی سہولت کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 2 جولائی 2024
ایمریٹس کے مطابق یہ پیش کش 4 جولائی سے 15 ستمبر کے دوران 24 گھنٹوں سے زیادہ رکنے پر دستیاب ہوگی—فوٹو: فائل

ایمریٹس کے مطابق یہ پیش کش 4 جولائی سے 15 ستمبر کے دوران 24 گھنٹوں سے زیادہ رکنے پر دستیاب ہوگی—فوٹو: فائل

  کراچی: ایمریٹس ایئرلائن نے موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لیے دبئی جانے والوں کو فائیو اسٹار ہوٹل میں اعزازی قیام کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان ایمریٹس کے مطابق یکم جولائی سے 21 جولائی تک فرسٹ کلاس یا بزنس کلاس میں ایمریٹس کے ریٹرن ٹکٹ خریدنے والے مسافر فائیو اسٹار لگژری ہوٹل جے ڈبلیو میریٹ مارکوئس ہوٹل دبئی میں دو رات کے مفت قیام سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پریمیم اکانومی کلاس یا اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے افراد ایک رات کے مفت قیام سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں، یہ خصوصی پیش کش 4 جولائی تا 15 ستمبر کی تاریخوں کے دوران دبئی میں 24 گھنٹے سے زیادہ رکنے پر تمام ریٹرن ٹکٹوں کے لیے قابل عمل ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ پیش کش ایمریٹس کے ویب سائٹ، ای کے ایپ، یا ایمریٹس کے ٹکٹنگ دفاتر اور کال سینٹرز یا ٹریول ایجنٹوں کے ذریعے مسافروں کی آمد سے کم از کم 96 گھنٹے قبل بکنگ پر دستیاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے دو بے مثال 355 میٹرز بلند ٹاورز کے ساتھ جے ڈبلیو میریٹ مارکوئس ہوٹل دبئی دنیا کا بلند ترین فائیو اسٹار ہوٹل ہے جو سیاحوں کو شہر کی اسکائی لائن کے دلفریب نظارے پیش کرتا ہے۔

مائی ایمریٹس پاس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں سفر کرنے والے صارفین مائی ایمریٹس پاس کے ذریعے ڈسکاؤنٹ اور ریوارڈز سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور یہ اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ آپ اس موسم گرما سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہے دبئی کا واٹرپارک ہو یا برج خلیفہ سے دنیا کے بلند ترین مقام پر جائیں، سیاح اس موسم گرما میں 30 ستمبر 2024 تک داخلہ ٹکٹوں پر رعایت کے ساتھ دبئی کے دلچسپ مقامات سے محظوظ ہونے کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈیلز اور رعایت حاصل کرنے کے لیے ان مقامات پر محض فزیکل یا ڈیجیٹل بورڈنگ پاس اور کارآمد شناختی دستاویز پیش کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔