کے الیکٹرک بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کرےحکومت سندھ بھرپورساتھ دے گی وزرا

ہم سب کی خواہش ہے کہ 24 گھنٹے بلا تعطل عوام کو بجلی فراہم ہوسکے، سعید غنی، ناصر شاہ

فوٹو: فائل

وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کرے، سندھ حکومت اس کا بھرپور ساتھ دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سید ناصر حسین شاہ کے دفتر میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ سندھ حکومت اور کے الیکٹرک کے مابین متعدد اجلاس ہوئے ہیں اور ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کم سے کم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء کی جانب سے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر بھی ہم نے کام شروع کردیا ہے لیکن گزشتہ دنوں ہوا کی بندش سے ونڈ پاور سے بجلی کی فراہمی میں تعطل اور طوفان کے باعث جامشورو میں 5 ٹاورز گرنے کے باعث کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی میں کمی کا سامنا رہا۔

انہوں نے کہا کہ البتہ اب صورتحال کچھ بہتر ہوئی ہے اور ہم نے رات کے اوقات میں ڈیزل سے بھی مہنگی بجلی کی پیداوار شروع کی ہے اور انشاءاللہ جلد ہی رات کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ دن میں بھی لوڈشیڈنگ کم کی جائے گی۔

مونس علوی نے کہا کہ اس وقت کراچی کے 2100 فیڈرز میں سے 1700 پر زیرو لوڈشیڈنگ ہے جبکہ 400 فیڈرز پر 6 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے جو 50 فیصد تک لاسز ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ہمارا عوام سے بھی مطالبہ ہے کہ وہ کم از کم کرنٹ بل لازمی ادا کریں تاکہ ہم لوڈشیڈنگ کو کم سے کم یا ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ہمارے دوست مونس علوی جو باتیں کررہے ہیں اللہ کرے وہ سب درست ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی خواہش ہے کہ 24 گھنٹے بلا تعطل عوام کو بجلی فراہم ہوسکے اور اگر اس کی راہ میں چند بجلی چوری کرنے والے رکاوٹ ہیں تو کے الیکٹرک ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرے ہم ان کو ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بجلی کا بل ادا نہیں کرتا یا بجلی چوری کرتا ہے تو کے الیکٹرک کو اس کے خلاف کارروائی کرنا چاہیے نہ کہ عوام کو چند بجلی چوروں کی سزا کے طور پر گھنٹوں لوڈشیڈنگ کی عذاب کی صورت میں دے۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمیوں میں عوام کی جان کی حفاظت کے لیے اگر کے الیکٹرک کو مالی نقصان بھی ہوتا ہو تو کہیں کہیں وہ اس کو برداشت کرکے عوام کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کو باور کروایا ہے کہ وہ عوام کی جان کی حفاظت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور مسلسل بجلی کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کو یقینی بنائے۔ اس موقع پر مونس علوی نے کہا کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
Load Next Story