کراچی؛ آن لائن آم کا کاروبار کرنے والے شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 3 جولائی 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل عائشہ منزل کے قریب نامعلوم ملزمان نے آن لائن آم کی فروخت کا کاروبار کرنے والے شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، فائرنگ کرنے والا ملزم مقتول کا سڑک پر گرنے والا موبائل فون بھی اٹھا کر فرار ہوگیا ، واقعے کی سی سی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ۔

تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 4 عائشہ منزل پیزا شاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان  نے  فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

واقعے کی اس اطلاع پر گلبرگ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا جبکہ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی جہاں مقتول کی شناخت 30 سالہ سید رضوان حسین کے نام سے کی گئی۔

اس حوالے سے ایس ایچ او گلبرک شیخ طاہر نے بتایا کہ مقتول انچولی کا رہائشی تھا اور آن لائن آم کا کام کر رہا تھا، جس وقت یہ واقعہ پیش آیا وہ عائشہ منزل پر موٹر سائیکل پر آم کی پیٹی لے کر کسی کا انتظار کر رہا تھا۔

اس دوران موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے جس میں سے ایک اتر کر پیدل چلتا ہوا آیا اور رضوان کو قریب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ مقتول کے سر اور سینے پر گولیاں لگیں، اس دوران مقتول کا موبائل فون بھی سڑک پر گر گیا جسے ملزم نے اٹھا لیا اور بعدازاں اپنے ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگیا۔

اس پورے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کرلی جس میں یہ تمام منظر ریکارڈ ہے ، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 3 خول ملے ہیں جبکہ مقتول کا منشیات کے حوالے سے بھی کرائم ریکارڈ کا پتہ چلا ہے جس کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس کی پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا لیا جائے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔