خیبرپختونخوا حکومت کا ہزارہ ڈویژن کیلیے علیحدہ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اراکین اسمبلی کا اجلاس، اسلام آباد جلسے کے حوالے سے اراکین کو ٹاسک سونپے گئے

فوٹو اسکرین گریپ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی اور لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کیلیے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کیے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ملاکنڈ، پشاور، ساؤتھ اور ہزارہ رییجنز کے پارلیمنٹیرینز کے الگ الگ اجلاس ہوئے، جس میں ممبران اسمبلی کے حلقوں میں فوری نوعیت کے عوامی مسائل کے حل اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔

ممبران اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں صحت، تعلیم، مواصلات، گورننس اور بجلی سے متعلق عوامی مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ کی ان مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ضروری کارروائیاں عمل میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی اور لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس مقصد کے لئے گورننس کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے، مختلف سماجی شعبوں میں سروس ڈیلیوری کو عوامی توقعات کے مطابق بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسی کا اہم جز ہے، جو منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں انہیں پہلی فرصت میں مکمل کیا جائے گا، تکمیل کے آخری مراحل میں داخل 600 مختلف منصوبوں کو اس سال مکمل کیا جائے گا، صوبائی حکومت ان منصوبوں کو مکمل فنڈنگ کر رہی ہے۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اہم ترجیح ہے، عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ترقیاتی منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لئے ساؤتھ ریجن کے لئے الگ سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، ساؤتھ ریجن سیکرٹریٹ کے طرز پر ہزارہ ریجن کے لئے بھی الگ سیکرٹریٹ قائم کیے جائیں گے تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں اور ان کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور سروس ڈیلیوری کے عمل کی کڑی نگرانی کریں۔

اجلاس میں ترنول اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے متوقع جلسے کی تیاریوں سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ انتظامات اور لائحہ عمل کے بارے مشاورت کی گئی۔ جلسے کی تیاریوں کے لئے پارلیمنٹیرینز اور پارٹی قائدین کو ٹاسک بھی دیا گیا۔

ممبران اسمبلی کی طرف سے مجوزہ جلسے کو ایک کامیاب اور تاریخی جلسہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
Load Next Story