چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کی بھارت کیساتھ سیریز کی پیشکش ٹال دی
چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے کی انڈیا کے ساتھ سیریز کرانے کی پیشکش کو ٹال دیا ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اس سے زیادہ بہتر آپشنز بھی موجود ہیں ۔ پاکستان ٹیم نے نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کرکٹ آسٹریلیا ایک مرتبہ پھر پاک بھارت ٹیموں کی میزبانی کیلئے بیتاب
واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے پیش کش کی ہے کہ اگر بھارت اور پاکستان دونوں بورڈز راضی ہوں تو وہ سہ ملکی سیریز آسٹریلیا میں کرانے کو تیار ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ کے لیے فینز میں بہت جوش وخروش پایا جاتا ہے، جس پر اب دونوں بورڈز نے فیصلہ کرنا ہے۔
ایسی ہی پیشکش انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ بھی کرچکا ہے، تاہم ابھی تک معاملہ پیش کش سے آگے نہیں بڑھ سکا۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی نے ایک بار پھر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں ہونے کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کی آمد کے حوالے سے بھی اچھی خبریں ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران کسی کو مفت ٹکٹس جاری نہیں ہوں گے۔ ہم ٹکٹس کی فروخت سے بورڈ کا ریونیو بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں ۔