فٹبال ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلے کے سنسنی خیز مقابلے میں برازیل نے چلی کو مات دیدی

سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا جس میں برازیل سرخرو رہا

برازیل نے 5 پنالٹی ککس میں سے 3 میں بال کو جال میں ڈالا جبکہ چلی کی ٹیم 2 پنالٹی ککس پر گول کرسکی۔ فوٹو: رائٹرز

فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ میں میزبان برازیل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چلی کو شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔

برازیل کے شہر بیلے ہوریزونٹے میں کھیلے گئے میچ کے شروعات سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور برازیل کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 18ویں منٹ میں ڈیوڈ لوئز نے گول کرکے برازیل کو ایک گول کی برتری دلادی تاہم اس کی یہ برتری زیادہ دیر تک نہ رہ سکی اور 32ویں منٹ میں چلی کے الیکسس سانشیز نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کردیا اور یوں میچ کا پہلا ہاف برابری پر ختم ہوا۔


میچ کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن کوئی ٹیم برتری حاصل نہ کرسکی اور دوسرا ہاف بھی بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوا۔ اب میچ کا فیصلہ کھیل کے اضافی وقت میں ہونا تھا جس کے تحت دونوں ٹیموں کو 15، 15 منٹ کے دو ہاف میں فتح کن گول کرکے مقابلہ اپنے نام کرنا تھا لیکن شائد قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور اضافی وقت میں بھی کسی ٹیم کے گول نہ کرنے پر مقابلہ پنالٹی ککس پر چلا گیا۔

پنالٹی ککس پر بھی مقابلہ آخری پنالٹی کک تک انتہائی دلچسپ رہا اور برازیل نے 5 پنالٹی ککس میں سے 3 میں بال کو جال میں ڈال کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ چلی کی ٹیم 2 پنالٹی ککس پر گول کرسکی اور یوں اس کا ورلڈ کپ کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
Load Next Story