عراقی عدالت نے داعش کے سابق سربراہ ابوبکر بغدادی کی اہلیہ کو سزائے موت سنا دی

ابوبکر بغدادی کی اہلیہ عراقی سیکورٹی اداروں کی تحویل میں ہیں

بغدادی کی اہلیہ پر خواتین کو قید رکھنے اور دہشتگرد تنظیم کے لیے کام کرنے کے الزامات ہیں:فوٹو:فائل

عراق کی عدالت نے داعش کےسابق سربراہ ابوبکر بغدادی کی اہلیہ کو سزائے موت سنا دی۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ابوبکر بغدادی کی اہلیہ کو دہشت گروپ کے ساتھ کام کرنے، انسانیت کے خلاف جرائم اور خواتین کو اپنے گھر پر قید رکھنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی۔ عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کے ارکان نے یزیدی خواتین کو سنجار ضلع سے اغوا کیا اور ابوبکر بغدادی کی اہلیہ نے ان خواتین کو موصل میں واقع اپنے گھر میں قید کرلیا۔


ابوبکر بغدادی کی بیوی عراقی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔ عراقی عدالت کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ ابوبکربغدادی کی اہلیہ کی پھانسی کی سزا پر عملدرآمد عراقی اپیل کورٹ کی توثیق کے بعد ہوگا۔

ایک عدالتی عہہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ فوجداری عدالت نے آج ابوبکر بغدادی کی اہلیہ کو انسانیت کے خلاف جرائم، یزیدی لوگوں کی نسل کشی اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں تعاون کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی ہے۔ داعش کے سابق سربراہ ابوبکر بغدادی 2019 میں امریکی فورسز کے حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
Load Next Story