عمران خان سے ملاقات پر 10 ہزار روپے ٹیکس لگادیں مسئلے حل ہوجائینگے، رکن اسمبلی

ویب ڈیسک  جمعرات 11 جولائی 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: فاٹا سے منتخب رکن اسمبلی اقبال آفریدی نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر فی ملاقات دس ہزار روپے رکھ دیں اتنی رقم جمع ہوجائے گی کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے توانائی (پاور ڈویژن) کا اجلاس چیئرمین کمیٹی محمد ادریس کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ایڈیشنل سیکریٹری توانائی نے وزارت تونائی پاور ڈویژن اور متعلقہ اداروں سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری بھی کمیٹی اجلاس میں موجود تھے۔

 

کمیٹی کے رکن محمد اقبال نے کہا کہ فاٹا میں کئی علاقوں میں ایک گھنٹہ بھی بجلی نہیں آتی، قبائل کے ساتھ ہی یہ نا انصافی کیوں ہو رہی ہے؟ سیدھا سیدھا کہیں کہ ہم پھر الگ ہو جائیں، ہمیں بجلی دیں، بجلی کیلئے ہمیں ہفتہ ہفتہ انتظار کرنا پڑتا ہے، ایک ہفتے بعد ایک ڈویژن کو بجلی ملتی ہے۔

حکام پاور ڈویژن نے کہا کہ اب فاٹا کیلئے 65 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ وزیر توانائی نے کہا کہ ان علاقوں میں اس سال 39 ارب روپے کی فری بجلی دی گئی ہے فاٹا میں چار گھنٹوں تک بجلی فراہم کی جا رہی ہے، فاٹا میں 4 لاکھ 10 ہزار گھریلو صارفین کو مفت بجلی دے رہے ہیں۔

تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی محمد اقبال نے کہا کہ فاٹا میں تو بجلی ہے ہی نہیں 39 ارب میں سے ایک ارب کی بجلی بھی خرچ نہیں ہوتی، پاکستان کی آزادی سے اب تک فاٹا میں تو بجلی کے تار ہی نہیں ہیں۔

رکن کمیٹی محمد اقبال نے مزیدکہا کہ آپ ڈیمز کو مت بیچیں اگر کوئی بھی مسئلہ ہے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر پیسے رکھ دیں، عمران خان سے ملاقات پر 10 ہزار روپے ٹیکس لگادیں اتنا پیسہ اکٹھا ہو جائے گا کہ کوئی بھی مسئلہ نہیں رہے گا۔ یہ کہہ کر رکن کمیٹی محمد اقبال اجلاس چھوڑ کر باہر چلے گئے۔

اس پر مسلم لیگ (ن) کے رکن کمیٹی رانا محمد حیات نے کہا کہ آپ لوگ اسمبلی اجلاس میں بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔