مخصوص نشستیں کیس سپریم کورٹ کے باہر بھاری نفری و قیدی وینز پہنچا دی گئیں
سپریم کورٹ مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ آج سنائے گی، اس تناظر میں عدالت کی سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے، بھاری نفری تعینات کرکے قیدی وینز بھی پہنچا دی گئی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 13 رکنی فل کورٹ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ آج بارہ بجے سنائے گا۔ اس سلسلے میں آج جمعہ کے روز عدالت عظمیٰ کے اندر اور باہر سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے اور ریڈزون کو جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملیں گی یا نہیں؟ سپریم کورٹ آج فیصلہ سنائے گی
وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کو جانے والے راستوں سیرینا چوک، نادرا چوک کو بند کردیا گیا ہے جب کہ ڈی چوک میں پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ اسی طرح سپریم کورٹ گیٹ پر بھی پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہے ۔
سپریم کورٹ کے باہر قیدی وینز بھی پہنچا دی گئی ہیں اور غیر متعلقہ افراد کو کسی صورت سپریم کورٹ میں داخل نہ ہونے دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔