آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا وزیر دفاع
وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آپریشن ''ضرب عضب'' اور فوج کو قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے، آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا اور آئین و قانون نہ ماننے والوں سے جنگ کی جائے گی۔
جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ کے قریب ستے رمضان بازار کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کی دیكھ بھال كے لئے حكومت ہر ممكن اقدامات كررہی ہے اور آپریشن كے فوری بعد آئی ڈی پیز كی بحالی كا سلسلہ شروع كردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں لوگوں کو بجلی کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، رمضان میں بجلی كی لوڈشیڈنگ كے اوقات كار میں تبدیلی كی جائے گی اور بالخصوص سحری، افطاری اور تراویح كے اوقات میں بجلی كی فراہمی كو یقینی بنایا جائے گا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ 2 سال میں ممکن نہیں تاہم اس میں ہر سال بتدریج کمی آئے گی، ہم صنعتی شعبے کو بجلی کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں تاکہ صنعتی ترقی کا پہیہ پوری رفتار سے چلتا رہے۔ انہوں نے اشیا کے نرخوں کے حوالے سے کہا کہ حکومت ماہ رمضان کے دوران لوگوں کو روز مرہ کی اشیا مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔