ایک بال پر 13 رنز بھارت اور زمبابوے کے میچ میں منفرد ریکارڈ بن گیا

یاشاسوی جیسوال کرکٹ میں پہلی قانونی بال پر 12 رنز بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے

فوٹو: اے ایف پی

ایک بال پر 13 رنز بناکر بھارت نے زمبابوے کیخلاف میچ میں منفرد ریکارڈ بنا ڈالا۔

اتوار کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ کے دوران بھارتی بلے باز یاشاسوی جیسوال نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر 12 رنز بنا کر تاریخ رقم کردی۔

میچ میں زمبابوے نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی طرف سے سکندر رضا پہلا اوور کرانے کیلئے آئے، انہوں نے پہلی ہی گیند اونچی فل ٹاس کرائی جس پر بھارتی بلے باز یاشاسوی جیسوال نے ڈیپ اسکوائر لیگ پر آرام سے چھکا لگا دیا۔


مزید پڑھیں: زمبابوے کو پانچویں ٹی 20 میں بھی شکست، بھارت نے سیریز 1-4 سے جیت لی

امپائر نے اس گیند کو نو بال قرار دیا اور یوں بھارت کو بغیر کسی گیند کے 7 رنز حاصل ہوئے اور ساتھ میں فری ہٹ بھی مل گئی۔

سکندر رضا کی اگلی گیند پر جیسوال نے ایک بار پھر لگاتار دوسرا چھکا لگاتے ہوئے گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچادیا۔

یوں بھارت نے میچ کی صرف پہلی ہی گیند پر 13 رنز بنائے اور جیسوال کرکٹ میں پہلی قانونی بال پر 12 رنز بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔
Load Next Story