اسنوکر پاکستان ٹیم ایونٹ کے اعزاز کا دفاع نہ کرسکا

9 فریمز پر مشتمل حتمی معرکے میں ہانگ کانگ کو سخت مقابلے کے بعد5-3سے کامیابی ملی

قومی ٹیم نے ایران کوآسان مقابلے کے بعد4-1 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی. فوٹو: فائل

پاکستان آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام ہوگیا، ہانگ کانگ نے فائنل میں پاکستان کو5-3سے مات دیکر ٹائٹل جیت لیا۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں سابق عالمی چیمپئن محمد آصف اور محمد سجاد پر مشتمل قومی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کرپائی، 9 فریمز پر مشتمل حتمی معرکے میں فاتح ٹیم ہانگ کانگ کو سخت مقابلے کے بعد5-3سے کامیابی مل گئی، فاتح ٹیم کے لی چون وائی اور فنگ کوک وائی نے اپنی بہتر مہارت سے ایونٹ میں ناقابل تسخیر رہنے والے پاکستانی کیوئسٹس کو شکست سے دوچار کیا۔

قبل ازیں قومی ٹیم نے ایران کوآسان مقابلے کے بعد4-1 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، چیمپئن شپ کے دوران ہونے والے 6ریڈز اسنوکر ٹورنامنٹ کے انفرادی ایونٹ میں محمد سجاد نے کوارٹر فائنل تک رسائی پائی تھی جبکہ محمد آصف ناک آئوٹ مرحلے میں ناکام ہوگئے تھے۔
Load Next Story