بلوچستان میں 17 تا 19 جولائی شدید بارشوں کی پیشگوئی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت
بلوچستان میں 17 سے 19 جولائی تک شدید بارشوں کی پیش گوئی اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ہے۔ اسپیل میں صوبے کے 17 اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خضدار، قلات، لسبیلہ، زیارت، آواران،ژوب، بارکھان اور حب میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، دکی، ہرنائی ، نصیر آباد، جعفر آباد اور صحبت پور میں بارشیں متوقع ہیں۔
بارشوں کا سلسلہ 17 سے 19 جولائی تک جاری رہے گا، اس دوران شدید بارشوں سے کھڑی فصلوں، سولر پینلز اور کچے مکانات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے جب کہ بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آنے کا بھی خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیاح اور مسافر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ صوبے کے تمام اضلاع میں امدادی سامان بھجوا دیا گیا ہے۔