پشاورمیں احتجاج کے دوران کئی عمارتوں کو آگ لگادی گئی
گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے کئی عمارتوں کو آگ لگادی، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 9 پولیس اہلکاربھی زخمی ہوگئے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں نمازجمعہ کے بعد گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کیاگیا۔ اس دوران مشتعل افراد نے پشاورمیں وا قع حساس علاقوں میں کئی عمارتوں کوآگ لگادی۔ مظاہرین نے سرکاری پوسٹ گریجویٹ کالج میں بھی توڑ پھوڑ کی اورکالج کاریکارڈ نذرآتش کردیا۔
دوسری جانب گستاخانہ فلم کے خلاف مردان کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس دوران مشتعل افراد نے نجی موبائل فون کمپنی اورکوریئرسروس کےدفاتر سمیت چرچ کو آگ لگادی۔
ایبٹ آباد، مانسہرہ، صوابی، کوہاٹ اوردیگرشہروں میں بھی نمازجمعہ کے بعد گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
صوبائی حکومت نے پولیس پرفائرنگ اورجلاؤگھیراؤ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراطلاعات خیبرپختونخوا میاں افتخارحسین نے کہا کہ پرتشدد احتجاج میں کوئی تیسری قوت ملوث ہے۔