ملک مزید لاشوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا وزیرقانون پنجاب
وزیرقانون پنجاب رانا مشہود کا کہنا ہے کہ حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات پر اثرانداز نہیں ہورہی لیکن ملک مزید لاشوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا، سانحہ میں متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک پاشی کی جارہی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرقانون پنجاب کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اور عدالتیں جنہیں سزا سنائیں گی انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی، سانحہ کی تحقیقات کو دبانے کی کوشش نہیں کی بلکہ سابق وزیرقانون رانا ثنا اللہ سے استعفی طلب کیا تاکہ وہ عام شہری کے طور پر عدالت کے سامنے پیش ہوں اور یقین ہے کہ ان کا سانحہ میں کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ نہیں کر رہے جبکہ ترکی کی خاتون اول کو ترقیاتی پراجیکٹ کے افتتاح کے لئے آنا تھا اور امید کی جارہی تھی کہ ملک میں مزید سرمایہ کاری لائی جائے گی لیکن حالیہ واقعات کے بعد ترکی کے وفد نے دورہ منسوخ کردیا۔
وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ سیاسی جماعتیں عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں، ملک مزید کسی جھٹکے کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایک چھوٹے سے مقصد کے لئے پورے نظام پر سوالیہ نشان لگایا جارہا ہے جبکہ ریٹرننگ آفیسر کسی کے ملازم نہیں ہوتے بلکہ آزادانہ طور پر کام کر رہے ہوتے ہیں لیکن آج ان پر دھاندلی کے الزامات لگائے جارہے ہیں۔اگر انتخابات کے روز دھاندلی ہوئی تو الزام لگانے والی جماعت کے پولنگ ایجنٹوں نے نشاندہی کیوں نہیں کی۔ انہوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے کہا کہ اگر کوئی عدالت جانا چاہتا ہے تو یہ جمہوری اور آئینی حق ہے، عدالتیں جو فیصلہ دیں گی حکومت اس فیصلے کی روشنی میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔