دانش تیمور بدتمیز اور فیصل قریشی احسان فراموش ہیں پرویز کلیم

دانش تیمور جیسے لوگ کبھی کامیاب نہیں ہوتے، فلمساز

پرویز کلیم نے پاکستانی اداکاروں کی حقیقت سے پردہ ہٹا دیا : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف فلمساز اور اسکرین رائٹر پرویز کلیم نے اداکار دانش تیمور کو بےادب جبکہ فیصل قریشی اور سعود کو احسان فراموش قرار دے دیا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فلمساز پرویز کلیم سے پوچھا گیا کہ ہدایتکار اقبال کشمیری نے دانش تیمور کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کی بہت کوشش کی لیکن اداکار نے انکار کردیا تھا، جو آرٹسٹ پہلے کام کے لیے در در کی ٹھوکریں کھاتے تھے، اب وہی آرٹسٹ اقبال کشمیری جیسے فلمسازوں کے ساتھ کام کیوں نہیں کرنا چاہتے؟

اس سوال کے جواب میں پرویز کلیم نے کہا کہ دانش تیمور خود کو پاکستان کا راک ہڈسن (ہالی ووڈ اداکار) سمجھتے ہیں، وہ نہایت ہی بےادب اداکار ہیں اور میں تو اُنہیں اقبال کشمیری کے ساتھ کام نہ کرنے پر بدنصیب ہی کہوں گا۔

پرویز کلیم نے ماضی کے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک فلم کے سلسلے میں دانش تیمور کے گھر گیا تھا، وہ جھولے پر بیٹھے تھے اور اُن کی ٹانگیں میرے منہ کی طرف تھیں۔

فلمساز نے کہا کہ دانش کو میری عمر کا تھوڑا لحاظ کرنا چاہیے تھا، میں ایک عُمر رسیدہ شخص ہوں لیکن جب میں نے دانش تیمور کی یہ حرکت دیکھی تو میں اُسی وقت سمجھ گیا تھا کہ وہ شوبز میں کہاں تک کامیاب ہوسکیں گے۔


اُنہوں نے کہا کہ دانش تیمور میں بڑے چھوٹے کی تمیز نہیں، نہ ہی اُن میں سلیقہ ہے، وہ بےادب انسان ہیں اور بےادبی کی وجہ سے ہی اُن کی تمام فلمیں فلاپ ہوتی ہیں کیونکہ ایسے لوگ کبھی کامیاب نہیں ہوتے لیکن اگر آج بھی وہ اپنی حرکتوں پر اللہ تعالیٰ سے معافی مانگ لیں گے تو اللہ تعالیٰ اُنہیں معاف کردے گا۔

دوسری جانب پرویز کلیم نے اداکار فیصل قریشی اور سعود کے بارے میں دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے ہی ان دونوں اسٹارز کو فلم انڈسٹری میں متعارف کروایا تھا۔

پرویز کلیم نے کہا کہ میں نے فیصل قریشی کی والدہ کے بےحد اصرار پر اُنہیں اپنی فلم میں کاسٹ کیا تھا جبکہ سعود کو کسی بھی سفارش کے بغیر ہی اپنی فلم میں بطورِ ہیرو متعارف کروایا تھا۔

فلمساز نے کہا کہ میں نے فیصل قریشی اور سعود کو بڑے پردے پر متعارف کروایا لیکن یہ دونوں اسٹارز ہی احسان فراموش نکلے کیونکہ دونوں مجھ سے بات تک نہیں کرتے اور نہ ہی مجھے یاد کرتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اگر کبھی احسان فراموشی کی تصویر بناؤں گا تو اُس میں فیصل قریشی اور سعود کے ہی چہرے ہوں گے۔
Load Next Story