شیطان کے کان نے دہشت پھیلا دی

روسیوں کے خیال میں ہر ماہ کی 13 تاریخ بھی نحوست لے کر آتی ہے، اگر 13 تاریخ جمعہ کے روز آئے تو ’سونے پر سہاگہ‘

روسیوں کے خیال میں ہر ماہ کی 13 تاریخ بھی نحوست لے کر آتی ہے، اگر 13 تاریخ جمعہ کے روز آئے تو ’سونے پر سہاگہ‘ ۔ فوٹو : فائل

مغربی ممالک کی طرح روس میں بھی 13 کے ہندسے کو منحوس سمجھا جاتا ہے۔

روسیوں کے خیال میں ہر ماہ کی تیرہ تاریخ بھی اپنے ساتھ نحوست لے کر آتی ہے۔ اور اگر تیرہ تاریخ جمعے کے روز آئے تو 'سونے پر سہاگہ' والی بات ہوتی ہے، یعنی اُن کے مطابق اس دن کی نحوست کے بارے میں کوئی شبہ نہیں رہ جاتا ہے۔

گذشتہ ماہ کی تیرہ تاریخ کو بھی جمعے کا روز تھا۔ روسی شہر Irkutsk کے مضافات میں واقع سونے کی کان میں کان کن کھدائی میں مصروف تھے۔ کچھ مزدور مشینوں کے ذریعے کھدائی کررہے تھے اور کچھ نکالی جانے والی مٹی میں دھاتی ٹکڑے تلاش کرنے پر مامور تھے۔ مٹی کو کھنگالتے ہوئے ایک مزدور کے ہاتھ اچانک کسی سخت چیز سے ٹکرائے۔ پہلے پہل تو وہ اسے سنگی ٹکڑا سمجھا، مگر جب اس نے اس ٹکڑے پر لگی مٹی صاف کی تو اندازہ ہوا کہ یہ خام سونے کا بنا ہوا تھا۔


خام سونے کے اس ٹکڑے کی سب سے اہم بات اس کی شکل و صورت ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹکڑا 'شیطان کے کان' سے بہت زیادہ مماثل ہے۔ اسی وجہ سے اس ٹکڑے کو ' شیطانی کان ' کہا جارہا ہے۔ ' شیطانی کان ' کی دریافت سے علاقے میں دہشت پھیل گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طلائی ٹکڑے کے نحوست زدہ ہونے میں کوئی شبہ نہیں کیوں کہ یہ تیرہ جون کو زمین کے سینے سے باہر آیا ہے۔ وہ جمعے کا روز اور نصف شب کا وقت تھا۔

اس علاقے کی کسی بھی کان سے پہلی بار اتنا وزنی سونے کا ٹکڑا دریافت ہوا ہے۔ طلائی ٹکڑے کا وزن 6664گرام ہے، مگر وزن سے زیادہ اس کی شکل وصورت اس کی دریافت کی تاریخ، دن اور وقت اہل علاقہ کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

مقامی روحانی پیشواؤں کا کہنا ہے کہ شکل و صورت اور دریافت کی تاریخ اور وقت کے علاوہ ' شیطانی کان ' کے وزن کے ہندسی اندراج میں 6 کا عدد مسلسل تین بار آرہا ہے اور یہ بھی نحوست کی علامت ہے۔ انھوں نے اہل علاقہ کو خبردار بھی کیا ہے کہ ' شیطانی کان' کی وجہ سے ان پر قدرتی آفات نازل ہوسکتی ہیں۔
Load Next Story