کراچی گرمی کا پارہ رواں ماہ دوسری مرتبہ 405 ڈگری ریکارڈ

نمی کا تناسب 48 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت 50 ڈگری تک محسوس کی گئی

فوٹو: فائل

شہر قائد میں گرمی کا پارہ رواں ماہ دوسری مرتبہ 40.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو نمی کا تناسب 48 فیصد ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت 50 ڈگری تک محسوس کی گئی۔

ہوا کے کم دباوکے سبب اتوار کوشہر میں انتہائی گرم ومرطوب دن ریکارڈ ہوا، سمندری ہوائیں غیرفعال ہونے کے سبب بڑھتے نمی کے تناسب اور درجہ حرارت کے سبب ہیٹ انڈیکس میں اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی ریکارڈ ہوئی۔


دوپہر ایک بجے 39 ڈگری پارہ اور 48 فیصد نمی کے سبب گرمی کی شدت 50 ڈگری تک محسوس کی گئی، شدید حبس زدہ موسم کے بعد بادل برس پڑے جس کے بعد گرمی کی شدت میں معمولی کمی ہوئی تاہم حبس کی صورتحال برقرار رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جولائی کے مہینے میں دوسری مرتبہ 40.5 ڈگری ریکارڈ ہوا، اس سے قبل یوم عاشور والے دن بھی پارہ 40.5 ڈگری ریکارڈہوا۔

شہر میں جولائی میں گرمی کا ریکارڈنہیں ٹوٹا کیونکہ 18 جولائی سن 2020 کو گرمی کا پارہ 42.6 ڈگری ریکارڈ ہوچکا ہے۔
Load Next Story