غازی عبدالرشید قتل کیس پرویز مشرف کو 23جولائی کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم

پرویز مشرف آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،عدالت کا حکم

عدالت نے پرویز مشرف کے دونوں ضامن کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے۔ فوٹو: فائل

عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو آئندہ سماعت میں ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔


اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کی، سماعت کے آغاز میں سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے انہیں عدالت حاضری سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ میڈیکل رپورٹ کراچی کے ایک نجی اسپتال کے5 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے تیار کی ہے۔ جس کےمطابق پرویز مشرف حرکت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف سیکیورٹی خدشات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، ہم پرویز مشرف کی مستقل نہیں صرف آج کی حاضری سے استثنیٰ چاہتے ہیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پرویزمشرف کو عدالت حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ملزم اور ان کے ضامن آئندہ سماعت پرعدالت میں ہر صورت پیش ہوں، عدم حاضری پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کیس کی مزید سماعت 23 جولائی کو ہوگی۔
Load Next Story