سال 2014 ابتدائی 6 ماہ میں 90 پولیس افسران و اہلکار شہید

شہدا میں ایس پی،ٹریفک پولیس کے 4اہلکار اور 2 سابق فوجی بھی شامل،آپریشن کے دوران اب تک 140 اہلکارو افسران جاں بحق ہوئے

رواں سال پولیس پر انتہائی بھاری ثابت ہوا،13 فروری کو نیشنل ہائی وے پر رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے سامنے کمانڈوز سے بھری بس کو دھماکے سے اڑایا گیا۔ فوٹو: فائل

سال کے ابتدائی 6 ماہ میں 90 پولیس افسران و اہلکار شہید جبکہ کراچی آپریشن کے دوران اب تک 140 افسران و اہلکار جاں بحق ہوچکے۔

شہدا میں ایک ایس پی، ٹریفک پولیس کے 4 اور 2 سابق فوجی بھی شامل ہیں ، ستمبر 2013 میں شروع ہونیوالے آپریشن کے دوران اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 140 تک جاپہنچی ہے ، تفصیلات کے مطابق سال 2014 پولیس پر انتہائی بھاری ثابت ہورہا ہے ، رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ میں اب تک 90 پولیس افسران و اہلکار شہید کیے جاچکے ہیں جن میں ایک ایس پی بھی شامل ہے ، رواں برس 4 جنوری کو سب سے پہلے دہشت گردوں نے پیرآباد کے علاقے میں 2 پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔


اس کے بعد 9 جنوری کو عیسیٰ نگری پر لیاری ایکسپریس وے پر ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید ہوئے ، 13 فروری کو نیشنل ہائی وے پر رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے سامنے کمانڈوز سے بھری بس کو دھماکے سے اڑایا گیا جس کے نتیجے میں 13 کمانڈوز شہید اور 59 زخمی ہوگئے تھے ، ماہ جنوری میں سہراب گوٹھ فلائی اوور کے نیچے قائم ٹریفک پولیس چوکی میں گھس کر نامعلوم ملزمان نے 2 اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا ، 30 جون کو اورنگی تھانے کے سامنے مسلح افراد نے ٹریفک پولیس کے 2 اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

منگھوپیر روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید ہوئے جن میں 2 سابق فوجی بھی شامل تھے ، پولیس اہلکاروں کو سب سے زیادہ ضلع غربی اور ضلع ملیر میں نشانہ بنایا گیا ، لانڈھی ، کورنگی اور ابراہیم حیدری میں کئی واقعات میں پولیس موبائلوں پر حملے کرکے 4 اور 4 سے زائد اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا کئی بار پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی ختم کرکے گھروں کو واپس جاتے ہوئے بھی گھات لگا کر قتل کیا گیا ،ستمبر 2013 سے کراچی آپریشن کے دوران اب تک شہید ہونیوالے پولیس افسران واہلکاروں کی تعداد 140 ہوگئی ہے۔
Load Next Story