بجلی کے معاملے پر تاجروں کا بھی سڑکوں پر آنے کا اعلان

آبپارہ مارکیٹ میں صبح 7 بجے سے بجلی بند ہے، کل آئیسکو کے خلاف آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے، صدر انجمن تاجران

فوٹو: فائل

بجلی کے معاملے پر تاجروں نے بھی سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ کل بروز منگل سہ پہر 3 بجے اسلام آباد کے تاجر آئیسکو کے خلاف آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آبپارہ مارکیٹ میں صبح 7 بجے سے بجلی بند ہے اور آئیسکو بجلی فراہم کرنے سے انکاری ہے، جبکہ بجلی سپلائی کمپنیاں بجلی کی مسلسل فراہمی کی پابندی ہیں۔

اجمل بلوچ نے سوال کیا کہ آئیسکو جنرل کمرشل ٹرانسفارمر مرمت کرانے سے انکاری کیوں ہے، وزیراعظم آئیسکو کے اس رویے کا نوٹس لیں۔


اجمل بلوچ نے کہا کہ ٹرانسفارمر مرمت کا قانون آئیسکو نے از خود بنا رکھا ہے، تاجروں میں بجلی کا بل جمع کرانے کی سکت نہیں ٹرانسفارمر کہاں سے مرمت کرائیں گے۔

اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی کا خریدار تاجر ہے، ہم پہلے ہی بجلی بنانے والی کمپنیوں کے معاہدوں پر سراپا احتجاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی سپلائی کمپنیوں نے نئے ظلم کا آغاز کر دیا ہے، تاجر کسی صورت ٹرانسفارمر مرمت نہیں کرائیں۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے مطالبہ کیا کہ بجلی سپلائی کمپنیاں بند کرکے واپڈا کو بحال کیا جائے۔
Load Next Story