مکھی کو مارنے والا شخص ایک آنکھ سے محروم ہوگیا

وو کو ڈاکٹروں نے بتایا کہ انفیکشن بہت زیادہ پھیل چکا ہے اور اگر آنکھ کو نکالا نہ گیا توانفیکشن دماغ تک جا پہنچے گا

فوٹو: فائل

موسم گرما میں مکھیوں کی بھرمار ہوجاتی ہے، ان دنوں بھی مکھیوں نے عوام الناس کی ناک میں دم کیا ہوا ہے اور کئی لوگ مکھیوں کو مارنے کی کوشش کرتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں، مگر خیال رہے کہ کہیں مکھی کو مارنے کی پاداش میں آپ اپنی آنکھ سے محروم نہ ہوجائیں !

مکھیاں ہمیں بہت تنگ کرتی ہیں، کبھی یہ چہرے پر بیٹھتی ہیں، کبھی ہاتھوں، پائوں اور جسم کے دوسروں حصوں پر۔۔۔ ہم انہیں اڑاتے ہیں اور بعض اوقات غصے میں آ کر انہیں ہلاک کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسی ہی کوشش ایک چینی شخص نے بھی کی تھی، وہ اپنے چہرے پر بیٹھی مکھی کو ' آن دی اسپاٹ' مارنے میں تو کامیاب ہوگیا مگر اس کا نتیجہ اسے اپنی آنکھ سے محرومی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

دراصل مکھیوں کے جسم پر جراثیم ہوتے ہیں اور یہ ان کی منتقلی کا اہم ذریعہ ہوتی ہیں، جہاں یہ بیٹھتی ہیں وہاں یہ جراثیم بھی چھوڑ دیتی ہیں جو مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں۔

چینی جریدے یانگ چین ایوننگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق شین ژین نامی شہر کا رہائشی وو نامی شخص نے بائیں گال پر بیٹھی ہوئی مکھی کو تھپڑ سے وہیں مار تو ڈالا مگر اس کے ایک گھنٹے بعد ہی اس کی بائیں آنکھ سرخ ہونا شروع ہوگئی، اس میں ورم آگیا اور وو کو سخت تکلیف ہونے لگی۔


تمام جتن کرنے کے بعد بھی جب وو کی آنکھ میں افاقہ نہ ہوا تو وہ اسپتال چلاگیا جہاں ڈاکٹر نے اسے دوائیں دے دیں، مگر آنکھ کی حالت بجائے بہتر ہونے کے بگڑتی چلی گئی۔ چند روز کے بعد جب وہ دوبارہ اسپتال گیا تو اس کی بائیں آنکھ کی بینائی تقریباً ختم ہوچکی تھی اور آنکھ کے ڈیلے کے اطراف زخم بن گئے تھے۔

ماہر امراض چشم نے ٹیسٹ کرنے کے بعد تشخیص کیا کہ یہ بیکٹیریل انفیکشن تھا جو مکھی کو مارنے کی وجہ سے وو کی آنکھ میں سرایت کرگیا تھا۔

وو کو ڈاکٹروں نے بتایا کہ انفیکشن بہت زیادہ پھیل چکا ہے اور اگر آنکھ کو نکالا نہ گیا تو یہ انفیکشن دماغ تک جا پہنچے گا، چنانچہ صرف ایک مکھی کو مارنے کی وجہ سے وو اپنی آنکھ سے محروم ہوگیا۔

 
Load Next Story