124 ملین روپے کی کرپشن میں ملوث اے پی پی کے 3 افسران گرفتار
ایف آئی اے نے 124 ملین روپے کی کرپشن میں ملوث اے پی پی کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے ایسوسی ایٹڈ پریس کارپوریشن آف پاکستان (اے پی پی ) کے کرپشن میں ملوث ڈائریکٹر آئی ٹی سمیت 3 افسران کو گرفتار کرلیا، جن پر قومی خزانے کو 124 ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
حکام کے مطابق کرپشن، بدعنوانی، فراڈ، مجرمانہ غفلت اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے میں ملوث ڈائریکٹر آئی ٹی محمد غوث، چیف کمپیوٹر انجینئر سعد مدثر اور ڈپٹی ڈائریکٹر مصور عنوان کو ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔
ملزمان نے ایسوسی ایٹڈ پریس کارپوریشن آف پاکستان (اے پی پی) کی پروکیورمنٹ کمیٹی کا حصہ تھے اور مبینہ ملی بھگت، دھوکا دہی اور اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ارٹیک سسٹم نامی فرم کو 113 ملین کا کنٹریکٹ دیا ۔ فرم کا فنانشل پروپوزل مجاز اتھارٹی سے منظور نہیں تھا۔ ملزمان نے اے جی پی آر سے بل منظور کرانے کے پروکیورمنٹ کمیٹی کے جعلی منٹس بنائے اور کرپشن کرتے ہوئے قومی خزانے کو 124 ملین روپے کا نقصان پہنچایا ۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔