ملک کے مختلف شہروں میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ

راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکاء نے حافظ نعیم الرحمٰن کی امامت میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی

فوٹو: سوشل میڈیا

ملک کے مختلف شہروں میں فلسطین کی تحریک مزاحمت حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں نیو ایم اے جناح روڈ پر امیرجماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی کی امامت میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں شہر بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے اسماعیل ہانیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور پرجوش نعرے لگائے، شرکاء نے فلسطین و جماعت اسلامی کے جھنڈے اور اسماعیل ہانیہ کی تصاویر والے پلے کارڈ ز اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

حیدرآباد میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر کے سامنے اسٹیشن روڈ پر ادا کی گئی۔

گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کی جانب سے شیرانوالہ باغ میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سیاسی، سماجی ،مذہبی شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔


سیو غزہ کے پلیٹ فارم سے اسلام آباد ڈی چوک پر شہید اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی امامت میں ادا کی گئی۔

اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر غائبانہ نماز جنازہ کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت روڈ راولپنڈی میں ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی امامت میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ہنیہ کی شہادت نے ہم میں ایک نئی روح پھونک دی ہے، اب کئی ہنیہ پیدا ہوں گے، آج اگر دنیا بھر کے لوگ حماس کیساتھ کھڑے ہیں تو یہ ان کی بڑی کامیابی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کا یہ خون رایگاں نہیں جائے گا، اسرائیل کو برباد اور فلسطین کو آزاد ہونا ہے، انکی تصویر آج میں نے دیکھی وہ پورے خاندان کیساتھ اس تحریک میں شریکِ تھے، ستر کے قریب خاندان کے لوگ اس راستے پر جان دے گئے، وہ تو اپنی مراد پا گئے مگر سب کیلئے ایک پیغام چھوڑ گئے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ عزت کا راستہ انقلاب آزادی کا شہادت کا راستہ ہے، اکتوبر سے لے کر ابتک پچاس ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، ایک اور تحقیق کے مطابق شہدا کی تعداد 92 ہزار ہو چکی ہے، امریکہ اور اسرائیل اور غلام مسلم امہ سے کہہ رہا ہوں تمہارے پاس سب ٹیکنالوجی ہے، اسرائیل کچھ بھی نہیں حماس سے شکست کھا چکا ہے۔
Load Next Story