اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 78 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کھونے کے بعد دوبارہ بحال
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور انڈیکس 78 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کھونے کے بعد پھر بحال ہوگیا۔
بازارِ حصص میں جمعرات کے روز کاروبار کا آغاز 155 پوائنٹس کی مندی سے ہوا جب کے ایس ای 100 انڈیکس 78000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح کھو بیٹھا اور گھٹ کر 77771 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان، 58 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی
بعد ازاں کاروبار کے دوران 203 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 78090 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ مندی کا رجحان غالب رہا اور کے ایس ای-100 انڈیکس 77 ہزار 886.99 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ بدھ کے روز پی ایس ایکس میں مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 78000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی گرگئی اور مندی کے سبب 58فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور سرمایہ کاروں کے مزید87 ارب 28کروڑ 51لاکھ 74ہزار 818روپے ڈوب گئے۔