راولپنڈی نوجوان لڑکی اور خاکروب برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق
شدید بارش کے دوران پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے نوجوان لڑکی اور خاکروب برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برساتی نالے میں لڑکی ڈوب گئی ۔ 22 سالہ حمرہ اسکوٹی پر دفتر جا رہی تھی کہ تیز بارش کے دوران سڑک پر بہتے پانی میں توازن برقرار نہ رکھ سکی اور گرنے کے بعد تیز بہاؤ کے باعث برساتی نالے میں جاگری ۔
یہ خبر بھی پڑھیں: لاہور میں 44 سالہ بارش کا ریکارڈ ایک بار پھر ٹوٹ گیا
متعلقہ محکمے کی جانب سے سوسائٹی کے برساتی نالے میں سرچ آپریشن مکمل کیے جانے کے بعد سڑک کے ساتھ بہتے دریائے سواں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دریں اثنا مری لوئر مال موچی منڈی برساتی نالہ کی صفائی کے دوران آر ڈبلیو ایم سی کے 2 اہلکار ڈوب گئے۔ اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اہل کار موقع پر پہنچے اور دونوں اہل کاروں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 48 سالہ سلطان عمران ڈوبنے کی وجہ سے دم توڑ گیا جب کہ 33 سالہ سجاد احمد زیر علاج ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں علی الصبح سے ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ علاقوں میں طوفانی بارش کی وجہ سے حادثات کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔