کراچی نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر بیوی اور بیٹے کے سامنے شہری کو قتل کردیا

بدھ کی شب نامعلوم افراد نے دستک دے کر دروازہ کھلوایا اور زبردستی داخل ہوکر قتل کرکے واپس چلے گئے، اہلیہ

(فوٹو: فائل)

نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر بیوی اور بیٹے کے سامنے شہری کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔


گلشن معمار کے علاقے ناردرن بائی پاس پیر بخش سمو گوٹھ میں فائرنگ سے ایک بچے کا باپ جاں بحق ہوگیا ، نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر بیوی اور بیٹے کے سامنے فائرنگ کر کے ہلاک کیا ۔ مقتول کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔



ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 32 سالہ نازو اللہ محسود ولد خان ولی محسود کے نام سے کی گئی۔ مقتول کے چھوٹے بھائی نازو ولی محسود نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نازو اللہ کی ساڑھے 3 سال قبل شادی ہوئی تھی ، اور وہ ایک بیٹے کا باپ تھا۔


مقتول تولیہ فیکٹری میں مشین آپریٹر تھا ۔ آبائی تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے اور تقریباً 16 سال قبل روزگار کے سلسلے میں کراچی آیا تھا اور نیو کراچی میں رہائش اختیار کی تھی۔ مقتول 2 ماہ قبل اپنی بیوی اور بیٹے کے ساتھ گلشن معمار کے علاقے میں شفٹ ہوگیا تھا ۔ جب کہ خاندان کے دیگر افراد اب بھی نیوکراچی میں رہائش پذیر ہیں۔


مقتول کے بھائی نے بتایا کہ گزشتہ شب بھابی نے فون کر کے اطلاع دی کہ کسی نے نازو اللہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے، جب وہ بھائی کے گھر پہنچا تو خون میں لت پت لاش پڑی تھی۔ بھابی نے اسے بتایا کہ بدھ کی شب تقریباً ساڑھے 11 بجے 5 سے 6 نامعلوم افراد آئے تھے، گھر کے دروزاے پر دستک ہونے پر نازو اللہ نے جیسے ہی دروازہ کھولا وہ تمام افراد دھکا دیتے ہوئے گھر میں داخل ہوگئے اور کہا کہ ہمیں تم سے بہت سے حساب لینے ہیں اور پستول نکال کر نازو ولی کے ماتھے پر ایک گولی ماری اور فرار ہو گئے۔


انہوں نے بتایا کہ ان کی کسی سے نہ کوئی دشمنی تھی اور نہ ہی لین دین کا تنازع تھا جب کہ اس کی شادی بھی متنازع نہیں تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Load Next Story