پاکستان رمضان میں ٹارگٹ کلنگ سے متاثرہ گھرانوں کی فریاد ہر آنکھ اشکبار

اللہ کے عذاب سے دہشت گرد نہیں بچ سکیں گے ،عامر لیاقت کی متاثرین سے گفتگو،امدادی لفافوں کی تقسیم

اللہ کے عذاب سے دہشت گرد نہیں بچ سکیں گے ،عامر لیاقت کی متاثرین سے گفتگو،امدادی لفافوں کی تقسیم .

ایکسپریس میڈیا گروپ کے پریذیڈنٹ ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کی میزبانی میں ایکسپریس کی براہ راست خصوصی نشریات ''پاکستان رمضان'' میں ہر طبقہ عمر اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ظلم وجبرکا ہدف بننے والے افرادکی آمدکاسلسلہ بدستور جاری ہے۔

اس سلسلے میں میڈیا کی تاریخ کی سب سے مقبول ترین رمضان نشریات کے تیسرے روز ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اُن دکھی خاندانوں کو مدعو کیا جن کے پیارے شہر قائد میں بے رحم ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے مگر اپنے پیچھے کئی المناک داستانیں چھوڑ گئے۔ ڈاکٹرعامرلیاقت حسین سے گفتگوکے دوران متاثرہ خاندانوں نے اُن تکالیف کااظہارکیاجو دہشت گردوں کی وجہ سے انھیں پہنچی ہیں،ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بننے والے اپنے پیاروں کاذکرکرتے ہوئے ان کی آنکھیں اشکبارہوگئیں ۔

اس دوران بعض رقت انگیزمناظربھی دیکھنے میں آئے جس سے شہررمضان کا ماحول کچھ دیرکے لیے سوگوارہوگیا۔متاثرین میں خالدہ بھی تھیں جن کے شوہرکمیٹی کی رقم لے کر نکلے اور ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے،یاسمین بھی تھیں جن کے شوہر دہشت گردوں کی اندھی گولیوں کا ہدف بن گئے اور وہ والدین بھی تھے۔

جن کے لخت جگرزُمیر رضا کو موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر دہشت گردوں نے عمر بھر کے لیے معذور بنادیا۔ دہشت گردوں اورڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی لرزہ خیزداستان غم نے جہاں حاضرین کو آبدیدہ کردیا وہیں ارباب اقتدار کی بے حسی کو بھی بے نقاب کردیا۔متاثرین سے گفتگو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے کہا کہ دنیاوی عیش عشرت کے لیے ماؤں سے اُن کے لال اور گھروالوں سے اُن کے کفیل چھیننے والے دنیا کے قانون سے تو بچ سکتے ہیں مگر اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکتے۔انھوں نے اس موقع پر محمودہ سلطانہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ہر خاندان کو امدادی لفافے بھی تقسیم کیے ۔

پروگرام ''راہ نیکی'' میں مختلف مسائل سے دوچارخاندانوں کی امدادکاسلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہاجس کے دوران پیدائشی طور پر کٹے ہوئے ہونٹ اور دماغ میںپانی بھرجانے کے مرض میں مبتلا کم عمربچیوں نے اپنے والدین کے ساتھ شرکت کی جو کم آمدنی کی بناء پر اپنے جگر گوشوں کا علاج کرانے سے قاصر ہیں۔ نشریات کے دورا ن ہی متاثرین کے مسائل سن کر ناظرین نے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے رابطہ کیا اور عطیات دینے کا اعلان کیا۔لاہور کے ایک نجی اسپتال کی ڈاکٹر نے میزبان سے گفتگو کے دوران پیدائشی طور پر کٹے ہوئے ہونٹ میں مبتلا بچی کے والدین کو لاہو ر میں بچی کے مفت علاج کی پیشکش کی جو انہوں نے منظور کر لی۔

اس موقع پر میزبان نے بچی اور اس کے والدین کے سفری اخراجات اور لاہور میں قیام کے تمام اخراجات ذاتی طور پر اداکرنے کا اعلان کیا ،اور متاثرین میں امدادی لفافوں کی تقسیم کے علاوہ ایم ایس ایف کی جانب سے ایک ہاتھ اور پاؤں سے محروم نوجوان محمد فیاض کے لیے باوقارروزگار کاانتظام کرتے ہوئے سامان سے لدا ہوا ٹھیلااُس کے حوالے کیا۔تاریخ ساز نشریات کے دوران اُس وقت جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جب ایک برس قبل اوکاڑہ میں مقیم اپنے والدین سے بچھڑ کر ایدھی سینٹر کراچی پہنچنے والی 9سالہ صائمہ کے والداُسے لینے کے لیے پاکستان رمضان نشریات میں شریک ہوئے ۔


اپنے والد کو اپنے سامنے دیکھ کر بچی خوشی سے روپڑی ،اس موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اس کے والد سے حلف اٹھوایا کہ آئندہ بچی کے معاملے میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ ایکسپریس کے مقبول دینی پروگرام ''عالم آن ایئر'' میںتنظیم المساجد پاکستان کے سربراہ مفتی عابد مبارک ، مرکزی جمعیت اہل حدیث کراچی کے ناظم اعلیٰ قاری خلیل الرحمن جاوید ،شیعہ علماء کونسل کے صوبائی جنرل سیکریٹر ی سید ناظر عباس تقوی اورجامعہ بنوریہ العالمیہ سے منسلک مفتی فضل سبحان نے شرکت کی اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ ننھے بچوں کے ساتھ میزبان کی دلچسپ گفتگواور عشائیے میں ہرروزایک نئی لذیذ ڈش کی تیاری پربھی ناظرین نے دلچسپی کااظہارکیاہے بالخصوص خواتین میں یہ پروگرامز کافی مقبول ہورہے ہیںجس کی ایک بڑی وجہ میزبان کا دلنشین اندازگفتگوہے ۔

عامرلیاقت سے ملاقات، زندگی کی آخری خواہش، موت سے جنگ لڑتے ننھے مہمان نے سب کو رُلا دیا
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے ملنے کی خواہش میں یوں تو ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شہرِرمضان کا رخ کر رہے ہیں مگر دل کے سوراخ میں مبتلا14 سالہ شاہ رُخ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے ملنے کو اپنی آخری خواہش قراردے کرمیزبان اور حاضرین کو آبدیدہ کردیا۔ ڈاکٹرزکی جانب سے لاعلاج قرار دیے جانے اور ان کے بقول چند روزکے مہمان شاہ رُخ کو اس وقت جینے کی نئی اُمنگ ملی جب وہ اپنی دیرینہ خواہش کی تکمیل کے سلسلے میں اپنے والد کے ساتھ پاکستان رمضان نشریات کا حصہ بنا۔

اس موقع پربچے کے والد نے ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کوبتایا کہ آپ سے ملنے کی خوشی میں یہ تمام رات نہیں سوسکا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ننھے مہمان کوگود میں اٹھاکرپیارکیا اور اس کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہاکہ انشا اللہ تم موت کوشکست دوگے اور ربیع الاول میں میرے ساتھ عمرہ کرنے جائوگے۔ اس موقع پر انھوں نے ذاتی خرچ پر شاہ رُخ اور اس کے والدین کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معذور نوجوان کی ماں کی فریاد، عامر لیاقت کی جانب سے ذاتی خرچ پر علاج کا اعلان
پاکستان رمضان میں شرکت کرنے والے ٹارکنگ کلنگ سے متاثرہ خاندانوں میں وہ والدین بھی شامل تھے، جن کے نوجوان بیٹے زُمیررضا کو ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی مارکرعمر بھرکیلیے معذور بنا دیا۔

اس موقع پرمتاثرہ نوجوان کی ماں کی جذباتی گفتگو نے میزبان اور حاضرین کو اشکبار کردیا، معمولی رقم کیلیے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے درندوں کو مخاطب کرتے ہوئے دکھی ماں کا کہنا تھا کہ صرف ایک موٹرسائیکل کیلیے میرے بچے کو معذور بنانے والے اللہ کی پکڑ سے نہیں بچ سکیں گے۔

گلوگیرلہجے میں ماں کی فریاد نے حاضرین کے ساتھ ناظرین کو بھی جھنجھوڑکررکھ دیا اور بعض دردمند ہم وطنوں نے میزبان سے رابطہ کرکے نوجوان کے علاج کیلیے عطیات کااعلان کیا، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اس موقع پر نوجوان کے علاج کے تمام تراخراجات ذاتی طور پر اداکرنے کا اعلان کرکے دکھی ماں کے چہرے پرمسکراہٹ بکھیردی اور انھوں نے دعاؤں کے ساتھ میزبان سے اظہار تشکر کیا۔
Load Next Story