پولیس اہلکار اور دو سالہ بچے کو قتل کرنے والا پولیس سے ریٹائر ملزم گرفتار

گرفتارملزم ظفر علی کورٹ پولیس سے ریٹائرڈ ہے اورفائرنگ کا یہ واقعہ غیرت کے نام پرپیش آیا تھا، ایس ایس پی ملیر

فوٹو- فائل

قائد آباد میں جھگڑے کے دوران کورٹ پولیس اہلکاراور2سالہ کمسن بچے کوفائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم ظفر علی کو کورنگی پولیس کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا،فائرنگ کا واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس ایس پی ملیرکاشف عباسی اورایس ایس پی کورنگی توحید الرحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 2اگست کوقائد آباد تھانے کی حدود میں جھگڑے کا واقعہ پیش آیا۔

اس دوران فائرنگ سے کورٹ پولیس اہلکارہیڈ کاٹیبنسل محمد اکرم ولد محمد حسین اور 2 سالہ بچہ شاہ زیب ولد شعیب جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 40 سالہ صادق نامی شخص زخمی ہوگیا تھا۔


ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ گرفتارملزم ظفر علی کورٹ پولیس سے ریٹائرڈ ہے اورفائرنگ کا یہ واقعہ غیرت کے نام پرپیش آیا تھا۔

ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم نے جب صادق نامی شخص پرفائرنگ کی تو صادق نامی شخص نے2سالہ بچے کوگود میں اٹھا لیا تھا جس کے نتیجے میں صادق اور2 سالہ بچے کوگولی لگی تھی۔

ایس ایس پی ملیرنے بتایا کہ مقتول اکرم اورفائرنگ سے زخمی شخص صادق کے گرفتارملزم کی بہن کے ساتھ غیرقانونی مراسم تھے جس کا علم گرفتارملزم ظفرکوہوگیا تھا۔

گرفتارملزم نے اکرم اورصادق کوقتل کرنے کے بعد اپنی بہن کوبھی قتل کرنا تھا لیکن ملزم گرفتاری کے ڈرسے موقع سے فرارہوگیا تھا۔
Load Next Story