بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد دبانے میں مکمل ناکام ہو چکا ہے بلاول بھٹو زرداری

بھارت کیجانب سے آرٹیکل 35 اور 370 کی منسوخی کا مقصد کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے، بلاول بھٹو زرداری

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، بلاول بھٹو زرداری:فوٹو:فائل

پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔


چئیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبر و بربریت کے سارے ہتھکنڈے آزما چکا ہے۔ آرٹیکل 370 اور 35 کی منسوخی کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا گیا کہ بھارت ریاستی ظلم و استبداد پریقین رکھتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ بھارت مظلوم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد دبانے میں پوری طرح ناکام ہوچکا ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کو اٹھایا گیا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پیپلز پارٹی تمام عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کی وکالت کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو فوری روکے اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرے۔
Load Next Story