سعودی عرب اور دبئی جانے والے مسافروں سے منشیات برآمد

اے این ایف نے ملک بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران 43 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا

ملتان ائرپورٹ پر مشکوک سامان کی تلاشی کے دوران شیمپو کی بوتلوں سے لیکوئڈ آئس ہیروئن برآمد ہوئی

پاکستان سے سعودی عرب اور دبئی جانے والے مسافروں کے سامان سے منشیات برآمد کرلی گئی۔


ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ کی کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران 9 مختلف آپریشنز میں 43 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔


کراچی ائرپورٹ پر 2 مختلف کارروائیوں میں سعودی عرب اور دبئی جانے والے 2 مسافروں سے 3.1 کلو آئس اور 1208 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ اس کے علاوہ ملتان میں ملزم سے 25 کلو چرس برآمد ہوئی ہے جب کہ رنگ روڈ پشاور کے قریب 2 کارروائیوں میں 2 ملزمان سے 6 کلو چرس اور 900 گرام افیون برآمد ہوئی۔



اُدھر بھان روڈ حیدرآباد میں ملزم سے 3 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ پشاور میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 3.6 کلو چرس اور 300 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ اسلام آباد ایم 2 ٹول پلازہ کے قریب 920 گرام آئس برآمد کی گئی۔ گلگت میں ملزم سے 520 گرام چرس برآمد ہوئی۔


اینٹی نارکوٹکس فورس نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔


دوسری جانب ائرپورٹ سکیورٹی فورس نے ملتان ائرپورٹ پر ایک کارروائی کرتے ہوئے جدہ جانے والی پرواز پر ایک مسافر سے 804 گرام لیکوئڈ آئس ہیروئن برآمد کر لی۔


ترجمان اے ایس ایف کے مطابق جدہ کی پرواز پر جانے والے مسافر عبدالمجید نے مذکورہ منشیات 2 شیمپو کی بوتلوں میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی لینے پر سامان کو مشکوک پایا اور شیمپو کی بوتلوں میں سے 804 گرام لیکوئیڈ آئس ہیروئن برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔


ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

Load Next Story