شریف خاندان شیخ حسینہ کی روش پر چل رہا ہے انجام بھی وہی ہوگا بیرسٹر سیف

سپریم کورٹ فیصلے کے بعد الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرنے سے حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی، مشیر اطلاعات

(فوٹو: فائل)

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے ملک کو بنانا ریپبلک بنایا ہوا ہے اور یہ خاندان شیخ حسینہ کی روش پر چل رہا ہے انجام بھی وہی ہوگا۔

اپنے بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ فیصلے کے بعد الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرنے سے مینڈیٹ چور حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی لہٰذا سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ یہ قانون بدنیتی پر مبنی ہے اور مفاد عامہ کے خلاف ہے، ایسی ہی اقدامات کے نتیجے میں حسینہ واجد کا دھڑن تختہ ہوگیا۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرکے جعلی حکومت اداروں کو لڑانے کی کوشش کر رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرکے جعلی حکومت اداروں کو لڑانے کی کوشش کر رہی ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ سے ایک دن میں قانون پاس کرنا آئین وقانون کے ساتھ مذاق ہے۔ فسطائیت کا انجام شریف خاندان کے لیے خوفناک ثابت ہوگا۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملک بچانے والی پارٹی اس وقت صرف تحریک انصاف ہے اور عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی ملک کو موجودہ دلدل سے نکال سکتی ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ مینڈیٹ چور وفاقی حکومت پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور الیکشن ترمیمی ایکٹ کا مقصد پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے محروم رکھنے کی ناکام کوشش ہے، مینڈیٹ چور سرکار کو علم ہونا چاہیے کہ مخصوص نشتوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔
Load Next Story