اظہر مشوانی کے دو لاپتا بھائیوں کی بازیابی کیلیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

خفیہ ادارے نے برطانیہ میں موجود بیٹے اظہر مشوانی کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا، والد

(فوٹو : فائل)

پی ٹی آئی کے رہنما اظہر مشوانی کے دو لاپتا بھائیوں پروفیسر مظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

دو لاپتہ بھائیوں پروفیسر مظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن کے والد نے شعیب شاہین اور اظہر صدیق ایڈوکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کی وردی اور سول کپڑوں میں انٹیلی جنس افسران نے میرے بیٹوں کو حراست میں لیا۔ بیٹوں کے اٹھائے جانے پر لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، عدالت نے 6 جون سے 2 اگست تک متعدد بار ڈائریکشنز جاری کیں۔


درخواست میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسی کے نمائندے نے اسلام آباد سے برطانیہ میں تیسرے بیٹے اظہر مشوانی سے رابطہ کر کے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف اور انتحابی دھاندلی سے متعلق ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا، اظہر مشوانی کو بتایا گیا کہ تمہارے دونوں بھائی اسلام آباد میں ایجنسی کے پاس ہیں اس لیے اظہر مشوانی کو یہ بتائے جانے کی بنیاد پر لاہور ہائیکورٹ سے درخواست واپس لے لی۔

استدعا ہے کہ اظہر مشوانی کے بھائیوں کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی جائے۔
Load Next Story