کتوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور اذیت ناک تشدد کے جرم میں معروف ماہرحیوانیات کو10 سال قید

51 سالہ ایڈم برٹن نے 42 سے زیادہ کتوں کے ساتھ جنسی زیادتی، اذیت ناک تشدد اور قتل جیسے جرائم کا اعتراف کیا

فوٹو: انٹرنیٹ

آسٹریلوی عدالت نے کتوں کے ساتھ اذیت ناک جنسی زیادتی، تشدد اور قتل کرنے کے جرائم میں معروف ماہر حیوانیات ایڈم رابرٹ کورڈن برٹن کو 10 سال قید کی سزا سنادی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عدالت کے سامنے 51 سالہ ایڈم برٹن نے 42 سے زیادہ کتوں کے ساتھ جنسی زیادتی اوران پر اذیت ناک تشدد جیسے جرائم کا اعتراف کیا۔ جنسی زیادتی اور اذیت ناک تشدد کے نتیجے میں بیشتر کتوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔

ایڈم برٹن نے اعتراف کیا کہ وہ کتوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور تشدد کرتے ہوئے فلم بناتا تھا، اور اسے فرضی نام سے آن لائن شائع کرتا تھا اور اس کے بدلے میں وہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی پر مبنی مواد حاصل کرتا تھا۔

ایڈم برٹن کا تعلق برطانیہ سے ہے مگر وہ بیس برس قبل آسٹریلیا منتقل ہوگیا تھا جہاں اس نے چارلس ڈارون یونیورسٹی میں حیوانیات کا مضمون پڑھانا شروع کیا۔ ایڈم برٹن کو مگرمچھوں کے مطالعے کا ماہر سمجھا جاتا تھا اور اسی حیثیت سے اس نے نیشنل جیوگرافک اور بی بی سی جیسے عالمی شہرت یافتہ اداروں کے ساتھ کام بھی کیا۔


کتوں کے ساتھ ایڈم برٹن کے اذیت ناک وحشیانہ سلوک کا آغاز 2014 میں ہوا تھا جب اس نے اپنے دو پالتو کتوں کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

ایڈم برٹن ایک آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے کتے خریدتا، انہیں جنسی زیادتی اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتا اور پھر قتل کردیتا تھا۔ ان تمام واقعات کی وہ موبائل فون کے ذریعے ویڈیوز بناتا تھا اور پھر انہیں ٹیلی گرام پر بنے گروپوں میں فرضی نام سے پوسٹ کرتا تھا اور وہیں پر بچوں سے بدسلوکی پر مبنی مواد حاصل کرتا تھا۔

ایڈم برٹن کی گرفتاری 2022 میں عمل میں آئی تھی، اور پھر دو سالہ تفتیش اورعدالتی کارروائی کے بعد جرم ثابت ہونے پرعدالت نے اسے 10 سال قید کی سزا سنادی۔

 
Load Next Story