کراچی کے علاقے صدر میں مسجد کے باہر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق 3 زخمی

صدر پارکنگ پلازہ کے قریب ہونے والا دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز 3 سے 4 کلو میٹر دور تک سنی گئی۔

جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ایس پی جمشید ٹاؤن۔ فوٹو؛آن لائن

صدر کے علاقے پریڈی اسٹریٹ میں مسجد کے باہر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے مصروف تجارتی علاقے صدر کی پریڈی اسٹریٹ میں واقع پارکنگ پلازہ کے قریب مسجد کے باہر زور دار دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز 3 سے 4 کلو میٹر دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کی جگہ پر گڑھا پڑ گیا اور قریبی موجود متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد علاقے میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور امدادی ٹیموں نے دھماکے میں زخمی ہونےوالوں کو فوری طبی امدادکیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا۔


پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے ایک شخص کا سر ملا ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ حملہ آور کا ہو سکتا ہے جبکہ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ ایک شخص موٹرسائیکل پر دھماکا خیزمواد لے کر جا رہا تھا کہ دوسری موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس سے دھماکا خیز مواد لے جانے والا دہشت گرد ماراگیا تاہم دھما کے کو خود کش کہنا قبل از وقت ہوگا۔

پریڈی اسٹریٹ پر دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس کے مطابق دھماکے میں چار کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب نہیں تھا اسے دہشت گرد نے اپنے جسم سے باند رکھا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف،صدر ممنون حسین اور الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید مذمت اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے دھماکے پر حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے شہر کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
Load Next Story