کراچی میں تیز رفتار کوچ نے ماں اور کمسن بیٹے کو روند ڈالا

کمسن بچہ موقع پر جبکہ ماں دوران علاج دم توڑ گئی، ڈرائیور گرفتار

فوٹو: فائل

شہر قائد کے علاقے کورنگی میں سڑک عبور کرنے والی ماں اور بیٹے کو مزاد کوچ نے روند ڈالا جس کے نتیجے میں کمسن بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ماں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی۔


ایس ایچ او عوامی کالونی ناصر محمد نے بتایا کہ کورنگی 5 نمبر پارک کے قریب ٹریفک حادثے میں کمسن لڑکا جاں بحق جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہوگئی ، متوفی کی لاش اور زخمی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 2 سالہ مصطفیٰ ولد اسحاق کے نام سے کی گئی جبکہ اس کی شدید زخمی والدہ کی شناخت گڈی زوجہ اسحاق کے نام سے کی گئی جو کہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

ناصر محمود نے مزید بتایا کہ خاتون بیٹے کے ہمراہ سڑک عبور کر رہی تھی کہ تیز رفتار عبداللہ کوچ نے انھیں ٹکر مار دی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کر کے کوچ کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق ماں اور بیٹے کی ہلاکت سے متعلق پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
Load Next Story